Brailvi Books

جہنم کے خطرات
129 - 205
(۴۶) تصویریں
    کسی جاندار چیز کی تصویر بنانی اس کو عزت و احترام کے ساتھ رکھنا اس کو بیچنا خریدنا یہ سب حرام ہیں۔ اور حدیثوں میں بڑی شدت کے ساتھ اس کی حرمت و ممانعت کو بیان کیا گیا ہے۔

حدیث:۱

     حضرت ابو جحیفۃ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم نے تصویر بنانے والے پر لعنت فرمائی ہے۔
 (صحیح البخاری،کتاب البیوع،باب موکل الربٰوا،الحدیث:۲۰۸۶،ج۲،ص۱۵)
حدیث:۲

     حضرت ابو طلحہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا ہے کہ (رحمت کے) فرشتے اس گھرمیں داخل نہیں ہوتے جس گھر میں کتا یا تصویریں ہوں۔
 (صحیح البخاری،کتاب اللباس،باب التصاویر،الحدیث۵۹۴۹،ج۴،ص۸۷)
حدیث:۳

     حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا کہ تمام لوگوں میں سب سے زیادہ سخت عذاب تصویر بنانے والوں کو دیا جائے گا۔
 (صحیح البخاری،کتاب اللباس،باب عذاب المصورین یوم القیامۃ،الحدیث۵۹۵، ج۴،ص۸۷)
Flag Counter