جنب جب تک غسل نہ کر لے اس کیلئے مسجد میں داخل ہونا اور قرآن شریف کا چھونا اور پڑھنا حرام ہے۔ جنابت کی حالت میں بغیر غسل کئے ہوئے کھانا پینا لوگوں سے مصافحہ کرنا جائز ہے لیکن بہتر یہ ہے کہ اگر کسی وجہ سے غسل نہ کر سکا تو کھانے پینے سے پہلے کم از کم وضو کر لے۔
(۴۴) خود کشی
خود کشی یعنی خود اپنے ہاتھ سے اپنے کو مار ڈالنا حرام اور گناہ کبیرہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ایسے شخص پر جنت حرام فرما دی ہے۔ اس بارے میں یہ چند حدیثیں بہت رقت انگیز و عبرت خیز ہیں۔
حدیث:۱
حضرت ثابت بن ضحاک رضی ا للہ تعالیٰ عنہسے روایت ہے کہ رسول ا للہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا جو شخص اپنی ذات کو کسی چیز سے قتل کر دے تو اللہ تعالیٰ اس کو جہنم میں اسی چیز سے عذاب دے گا۔(صحیح مسلم، کتاب الایمان،باب بیان غلظ تحریم قتل الانسان...الخ، الحدیث:۱۷۷،ص۶۹)