Brailvi Books

جہنم کے خطرات
118 - 205
حدیث:۱

     حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا ہے کہ عورتوں کے پاس جانے سے اپنے کو بچاؤ۔ تو ایک شخص نے کہا کہ یا رسول اللہ!صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم دیور کے بارے میں آپ کا کیا ارشاد ہے؟ تو فرمایا کہ دیور تو موت ہے ۔(یعنی دیور بھاوج کے حق میں موت کی طرح خطرناک ہے۔)
(صحیح مسلم،کتاب السلام، باب تحریم الخلوۃ...الخ،الحدیث:۲۱۷۲، ص۱۱۹۶)
حدیث:۲

     حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول ا للہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا کہ عورت شیطان کی صورت میں آگے آتی ہے اور شیطان کی صورت میں پیچھے جاتی ہے۔ جب تم میں سے کسی کو کوئی عورت اچھی لگ جائے اور دل میں گڑ جائے تو اس کو چاہیے کہ اپنی بیوی کے پاس جا کر اس سے جماع کرلے تو ایسا کرنے سے اس کے دل کا خیال دفع ہو جائے گا۔
(مشکوٰۃ المصابیح،کتاب النکاح، باب النظر...الخ،الفصل الاول،الحدیث: ۳۱۰۵،ج۲،ص۲۰۶ 

صحیح مسلم،کتاب النکاح،باب ندب من رأی...الخ، الحدیث:۱۴۰۳،ص۷۲۶)
حدیث:۳

     حضرت ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا کہ عورت چھپانے کے لائق ہے( لہذا اس کو پردہ میں رہنا چاہیے)جب کوئی عورت باہر نکلتی ہے تو شیطان اس کو جھانک جھانک کر دیکھتا ہے۔
(سنن الترمذی،کتاب الرضاع، باب۱۸،الحدیث:۱۱۷۶،ج۲،ص۳۹۲)
Flag Counter