| جہنم کے خطرات |
حدیث:۲
حضرت عبدا للہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا کہ ایک عورت ایک بلی کے معاملہ میں جہنم کے اندرداخل کی گئی۔اس نے ایک بلی کو باندھ رکھا تھا ،نہ اس کو کچھ کھلایا پلایانہ اس کو چھوڑا کہ وہ کیڑے مکوڑوں کو کھاتی یہاں تک کہ وہ مر گئی۔(صحیح البخاری،کتاب بدء الخلق ، باب خمس من الدوّاب...الخ، الحدیث: ۳۳۱۸،ج۲،ص۴۰۸)
حدیث:۳
حضرت ابن عمر رضی ا للہ تعالیٰ عنہماسے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم سے میں نے سنا ہے کہ جو کسی جاندار کو لٹکا کر اس پر نشانہ لگائے وہ ملعون ہے۔(صحیح مسلم،کتاب الصید والذبائح...الخ،باب النھی عن صبر البھائم،الحدیث۱۹۵۸، ص۱۰۸۱)
حدیث:۴
حضرت شداد بن اوس رضی ا للہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسو ل اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا کہ ا للہ تعالیٰ نے ہر چیز میں بھلائی کرنے کا حکم فرمایا ہے۔لہٰذا تم جب کسی کو قتل کرو تو اچھے طریقے سے قتل کرو اور جب تم کسی جانور کو ذبح کرو تو اچھے طریقے سے ذبح کرو چھری تیز کرو اور ذبیحہ کو راحت پہنچاؤ۔(صحیح مسلم،کتاب الصیدوالذبائح...الخ،باب الأمرباحسان...الخ، الحدیث: ۱۹۵۵،ص۱۰۸۰)