| جہنم میں لیجانے والےاعمال (جلد اول) |
(17)۔۔۔۔۔۔خاتَمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃٌ لّلْعٰلمین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اللہ عزوجل نے میری اُمت کے بارے میں مجھ پر جو انعام فرمایا میں اس کے شکرانہ میں سجدہ ریز ہو گیا، وہ انعام یہ ہے کہ میرا جو اُمتی مجھ پر ایک مرتبہ درودِ پاک پڑھے گا اللہ عزوجل اس کے لئے دس نیکیاں لکھے گا ۔''
(مسند ابی یعلی الموصلی،مسند انس عبدالرحمن بن عوف،الحدیث:۸۵۵،ج۱،ص۳۵۴)
ابن ابی عاصم نے یہ الفاظ زائد کئے ہیں کہ ''اس کے 10 گناہ مٹا دے گا، اس کے 10درجات بلند فرمائے گااور یہ درودِ پاک پڑھنا اس کے لئے 10غلام آزاد کرنے کے برابر ہو گا۔'' (18)۔۔۔۔۔۔سیِّدُ المبلّغین، رَحْمَۃٌ لّلْعٰلمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''میرا جو اُمتی اخلاص کے ساتھ مجھ پر ایک مرتبہ درودِ پاک پڑھے گا اللہ عزوجل اس پر 10رحمتیں نازل فرمائے گا، اس کے 10درجات بلند فرمائے گا، اس کے لئے 10نیکیاں لکھے گا اور اس کے 10 گناہ مٹا دے گا۔''
(السنن الکبرٰی للنسائی،کتاب عمل الیوم والیلۃ،باب ثواب الصلاۃعلی النبی ،الحدیث:۹۸۹۲/۵،ج۶،ص۲۱)
(19)۔۔۔۔۔۔شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جب تم مؤذن کو اذان کہتے سنو تو اسی طرح کہو (یعنی اذان کا جواب دو) پھر مجھ پر درودِ پاک بھیجو کیونکہ جو مجھ پر ایک مرتبہ درودِ پاک بھیجے گا اللہ عزوجل اس پر 10رحمتیں نازل فرمائے گا، پھر اللہ عزوجل سے میرے لئے وسیلہ کا سوال کرو، وسیلہ جنت میں ایک جگہ کا نام ہے اور وہ اللہ عزوجل کے بندوں میں سے ایک ہی بندے کے شايانِ شان ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ بندہ میں ہی ہوں، لہٰذا جو اللہ عزوجل سے میرے لئے وسیلہ کا سوال کریگا اس کے لئے میری شفاعت ثابت ہو جائے گی(يعنی اسے ميری شفاعت ضرورملے گی )۔''
(سنن النسائی،کتاب الآذان ،باب الصلاۃ علی النبی۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث:۶۷۹،ص۲۱۳۰)
(20)۔۔۔۔۔۔''جوشخص مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امین عزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم پر ایک مرتبہ درودِ پاک پڑھتا ہے اللہ عزوجل اور اس کے فرشتے اس شخص پر 70رحمتیں نازل فرماتے ہیں۔'' یہ اگرچہ حضرت سیدنا ابنِ عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما کا اپنا قول ہے لیکن ایسی باتیں اپنی رائے سے نہیں کہی جاتیں، لہٰذا یہ مرفوع حدیث کے حکم میں ہے۔
(المسندللامام احمد بن حنبل، مسند عبداللہ بن عمرو بن العاص،الحدیث:۶۷۶۶،ج۲،ص۶۱۴)
(21)۔۔۔۔۔۔تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جمعہ کے دن مجھ پر درودِ پاک کی کثرت کیا کرو کیونکہ جبریلِ امین علیہ السلام ابھی ابھی اپنے رب عزوجل کا یہ پیغام لے کر میرے پاس حاضر ہوئے کہ زمین پر جو مسلمان آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم پر ایک مرتبہ درودِ پاک پڑھتا ہے میں اور میرے فرشتے اس پر 10رحمتیں نازل کرتے ہیں۔''
(الترغیب والترہیب ، کتاب الذکر والدعا،باب الترغیب فی اکثار۔۔۔۔۔۔الخ ،الحدیث: ۲۵۸۰،ج۲،ص۳۲۳)