Brailvi Books

جہنم میں لیجانے والےاعمال (جلد اول)
381 - 857
نبی کریم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم پر دُرودپاک پڑھنے کے فضائل
    میں نے درود وسلام کے بارے میں وارد تمام روایات اور ان کے متعلقات کو اپنی کتاب
''اَلدُّرُّالْمَنْضُوْدُ فِیْ فَضَآئِلِ الصّلٰوۃِ وَالسَّلَامِ عَلٰی صَاحِبِ الْمَقَامِ الْمَحْمُوْدِ''
میں جمع کر دیا ہے۔

(12)۔۔۔۔۔۔رسولِ اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ و سلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جو مجھ پر ایک مرتبہ درودِ پاک پڑھے گا اللہ عزوجل اس پر10 رحمتیں نازل فرمائے گا۔''
 (صحیح مسلم، کتاب الصلاۃ ،باب الصلاۃ علی النبی صلی اللہ علیہ و سلَّم ۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث:۹۱۲،ص۷۴۳)
 (13)۔۔۔۔۔۔حضور نبئ پاک ، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جس کے سامنے میرا ذکر ہو اسے چاہے کہ ضرور مجھ پر درودِ پاک پڑھے۔مزیدارشاد فرمایا :''جو مجھ پر ایک مرتبہ درودِ پاک پڑھے گا اللہ عزوجل اس پر 10رحمتیں نازل فرمائے گا۔''
    (مسند ابی یعلی الموصلی، مسند انس بن مالک، الحدیث:۳۹۸۹،ج۳،ص۳۷۲)
 (14)۔۔۔۔۔۔شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال صلَّی  اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جو مجھ پر ایک مرتبہ درودِ پاک پڑھے اللہ عزوجل اس پر10رحمتیں نازل فرمائے گا، اس کے 10گناہ مٹا دے گا اور اس کے 10درجات بلند فرمائے گا۔''
 (السنن الکبری للامام نسائی، کتاب صفۃ الصلوۃ ، باب ۸۹،الحدیث:۱۲۲۰،ج۱،ص۳۸۵)
 (15)۔۔۔۔۔۔دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال صلَّی  اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جو مجھ پر ایک مرتبہ درودِ پاک پڑھے گا اللہ عزوجل اس پر10رحمتیں نازل فرمائے گا اور جو مجھ پر 10مرتبہ درودِ پاک بھیجے گا اللہ عزوجل اس پر 100رحمتیں نازل فرمائے گا اور جو مجھ پر 100مرتبہ درودِ پاک بھیجے گا اللہ عزوجل اس کی دونوں آنکھوں کے درمیان لکھ دے گا کہ یہ بندہ نفاق اور دوزخ کی آگ سے بری ہے اور قیامت کے دن اسے شہداء کے ساتھ ٹھہرائے گا۔''
 (مجمع الزوائد،کتاب الادعیۃ،فی الصلوۃ علی النبی۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث:۱۷۲۹۸،ج۱۰،ص۲۵۳)
 (16)۔۔۔۔۔۔رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :'' جبریلِ امین علیہ السلام نے مجھ سے عرض کی ،کیا میں آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کو خوشخبری نہ سناؤں؟ بے شک اللہ عزوجل ارشاد فرماتا ہے :''جو آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم پر درودِ پاک پڑھے گا میں اس پر رحمت نازل فرماؤں گا اور جو آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم پر سلام بھیجے گا میں اس پر سلامتی نازل فرماؤں گا۔'' تو مَیں یہ سن کر اللہ عزوجل کا شکر ادا کرتے ہوئے سجدہ ریز ہو گیا۔''
 (المسندللامام احمدبن حنبل،حدیث عبدالرحمن بن عوف الزھری،الحدیث:۶۴/۱۶۶۲،ج۱،ص۴۰۶/۴۰۷)
Flag Counter