Brailvi Books

جہنم میں لیجانے والےاعمال (جلد اول)
37 - 857
مقدّمہ
گناہ کبیرہ کی تعریف، تعداد اوردیگر متعلقات
    اَئمہ کرام رحمہم اللہ تعالیٰ کی ایک جماعت نے کسی بھی  گناہ کے صغیرہ ہونے کا انکار کیا اور ارشاد فرمایا:''تمام  گناہ، کبیرہ ہی ہیں۔'' ان اَئمہ کرام رحمہم اللہ تعالیٰ میں اُستاذ ابو اسحاق اسفرا ینی ، قاضی ابو بکر باقلانی بھی شامل ہیں، جبکہ امام الحرمین علیہ رحمۃ الرحمن نے اس بات کو ''الارشاد''میں اور علامہ ابن قشیری رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے ''المرشد''میں نقل کیا ہے بلکہ علامہ ابن فورک رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے اس قول کو اشاعرہ سے نقل کرکے اپنی تفسیر میں مختار مذہب کے طور پر ذکر کیا ہے۔چنانچہ،

    آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں:''ہمارے نزدیک اللہ عزوجل کی ہر نافرمانی  گناہ کبیرہ ہے اور کسی  گناہ کو صغیرہ یاکبیرہ صرف اُس سے بڑے دوسرے  گناہ کی طرف نسبت کے اعتبار سے کہا جاتاہے۔'' پھر آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے اس آیت مبارکہ:
اِنْ تَجْتَنِبُوْاکَبَآئِرَ مَا تُنْھَوْنَ عَنْہُ
ترجمۂ کنزالایمان: اگر بچتے رہو کبیرہ گناہوں سے جن کی تمہیں ممانعت ہے۔(پ 5 ،النسآء: 31)

میں یہ تاویل بیان کی کہ اس سے مراد اس کا ظاہری معنی ہے۔

    معتزلہ کہتے ہیں:''گناہوں کو دو انواع یعنی صغیرہ اور کبیرہ میں تقسیم کرنا صحیح نہیں۔''

    بعض اوقات علامہ ابن فورک رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ کی اسی بات پراصحاب مذہب کے اتفاق کا دعوی بھی کیاگیا اور بعض علماء جیسے امام تقی الدین سبکی رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے بھی اسی پر اعتماد کیاہے۔

    قاضی عبد الوہاب رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں:''کسی گناہ کوصغیرہ کہنا اسی صورت میں ممکن ہے جب اس معنی کے اعتبار سے کہاجائے کہ یہ گناہ، کبیرہ گناہوں سے اجتناب کی صورت میں صغیرہ ہوتا ہے ۔'' 

    یہ قول حضرت سیدنا ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کی اس روایت کے موافق ہے جسے امام طبرانی رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے روایت کیا ہے مگریہ روایت منقطع ہے ۔(یعنی وہ حدیث جس کے ایک یا زیادہ راوی سا قط ہوں )

    چنانچہ آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں:''حضرت سیدنا ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کے سامنے کبیرہ گناہوں کا تذکرہ کیا گیا تو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ارشاد فرمایا کہ ''ہر وہ عمل جسے کرنے سے منع کیا گیا ہے وہ کبیرہ ہے۔''

    اورانہی سے یہ بھی مروی ہے :''ہر وہ عمل جس میں اللہ عزوجل کی نافرمانی کی جائے گناہ کبیرہ ہے ۔''
Flag Counter