مقدمہ میں کبیرہ اور وہ گناہ جن کا عام طور پر لوگ اِرتکاب کرتے ہیں کی تعریف، ان کی تعداد اور ان کے متعلقات مذکور ہیں۔
پہلا باب ان کبائرپر مشتمل ہے جن کا تعلق باطن اوراس کے اُن تو ابع سے ہے جو ابواب فقہ سے مناسبت نہیں رکھتے۔
دوسرا باب ان کبائر پر مشتمل ہے جن کاتعلق ظاہر سے ہے اور مَیں انہیں اپنی فقہ شافعیہ کی ترتیب کے مطابق مرتب کروں گاتا کہ محل کے مطابق اسے سمجھنے میں آسانی ہو، البتہ ان میں سے ہر ایک کو ذکرکرتے وقت برائی اور بدی کے لحاظ سے اس کے مراتب کی تفصیل کی طرف ایسے اشارے دوں گا، جو ان کی طرف رہنمائی کے ساتھ ساتھ ان پر دلالت بھی کریں گے۔
خاتمہ توبہ کے فضائل پر مشتمل ہے جبکہ توبہ کی شرائط اور اس کے متعلقات اسی طرح ''باب الشھادات''میں ذکر کروں گا جس طرح فقہاء کرام رحمہم اللہ تعالیٰ اسے ''باب الشھادات'' میں ذکر کرتے ہیں ۔پھرجہنم ، اس کی صفات اور اس کے مختلف عذابوں کا تذکرہ ہو گا۔ نیز جنت ،اس کے اوصاف اوراس میں شامل مختلف اِنعامات اور نعمتو ں کا تذکرہ بھی ہوگا، تا کہ یہ مشیئتِ الٰہی عزوجل کے مطابق جہنم کی طرف لے جانے والے کبیرہ گناہوں سے روکنے کا زبردست داعی بن جائے اور اس طرح گناہوں سے رُک جانا ہمیشہ کی نعمتیں پا لینے میں کامیابی کا سبب اور اللہ عزوجل کی رضا کے حصول کا با عث بن جائے ۔
یقینا یہی سب سے بڑی کامیابی ہے، اللہ عزوجل ہمیں اس کااہل بنائے اور ہم پر ہمیشہ اپنے جُودو کرم کی بارش برساتا رہے اور ہمارا خاتمہ اچھافرمائے اور ہمیں اپنے فضل سے اَرفع واعلیٰ مقام تک پہنچائے، بیشک وہ ہر چیز پر قادر اورہر دعاقبول فرمانے والا ہے۔ (اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْنِ صلي اللہ عليہ وسلم)