(33)۔۔۔۔۔۔سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃٌ لّلْعٰلمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اللہ عزوجل نے زمین وآسمان کی تخلیق سے پچاس ہزار ( 50,000)سال پہلے ہی تقدیریں لکھ دی تھیں۔''
(جامع الترمذی، ابواب القدر، باب اعظام الامرالایمان بالقدر،الحدیث:۲۱۵۶،ص۱۸۶۸)
(34)۔۔۔۔۔۔شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اللہ عزوجل نے زمین وآسمان پیدا کرنے سے پچاس ہزار (50,000)سال پہلے ہی مخلوق کی تقدیریں لکھ دی تھیں اس وقت اللہ عزوجل کا عرش پانی پر تھا(جیساکہ اس کی شان کے لائق ہے)۔''
(صحیح مسلم، کتاب القدر، باب حجاج آدم وموسیٰ،الحدیث:۶۷۴۸،ص۱۱۴۰)
(35)۔۔۔۔۔۔مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امین عزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''ہر چیز تقدیر سے ہے یہاں تک کہ کمزوری اور دانا ئی بھی۔''
(صحیح مسلم، کتاب القدر،باب کل شی بقدر،الحدیث:۶۷۵۱،ص۱۱۴۰)
تقدیر کا لکھا ہوا ہو کر رہتا ہے :
(36)۔۔۔۔۔۔تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اگر آدمی اپنے رزق سے اس طرح بھاگے جیسے موت سے بھاگتا ہے تب بھی وہ رزق اسے مل کر رہے گا جیسے موت اسے آ کر رہتی ہے۔''
(حلیۃ الاولیاء،یوسف بن اسباط، الحدیث: ۱۲۱۶۹،ج۸،ص۲۷۰)
(37)۔۔۔۔۔۔مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اگر اسرافیل، جبرائیل، اورمیکائیل(علیہم الصلوٰۃ و السلام) اور حاملینِ عرش فرشتے بھی تمہارے لئے دعاکریں اور میں بھی ان کے ساتھ مل کر دعا کروں تب بھی تمہاری شادی اسی عورت سے ہو گی جو اللہ عزوجل نے تمہارے لئے لکھ دی ہے۔''
(کنزالعمال،کتاب الایمان والاسلام، باب قسم الاقوال،فصل فی الایمان بالقدر،الحدیث:۴۹۷،ج۱،ص۶۹)
(38)۔۔۔۔۔۔مَحبوبِ رَبُّ العزت، محسنِ انسانیت عزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اگر اللہ عزوجل کوئی فیصلہ فرما دے تو وہ ہو کر رہتا ہے۔''
(کشف الخفاء،حرف اللام،الحدیث: ۲۱۰۴،ج۲،ص۱۴۳)