Brailvi Books

جہنم میں لیجانے والےاعمال (جلد اول)
337 - 857
    الہام کہتے ہیں دل میں کوئی بات ڈالنے کواور چونکہ اللہ عزوجل ہی دل میں فجور اور تقویٰ الہام فرماتا ہے لہٰذا اللہ عزوجل ان دونوں کا خالق ہوا۔ اسی لئے حضرت سیدناسعید بن جبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اس آیتِ کریمہ کی تفسیر میں ارشاد فرمایا: ''اللہ عزوجل نے اس پر نافرمانی اور پرہیزگاری کو لازم کیا۔'' حضرت سیدنا ابن زید رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اس کی تفسیرمیں ارشاد فرمایا: ''اسے اپنی توفیق سے تقویٰ کا اہل بنایا یا اسے اپنی جانب سے رسوا کرتے ہوئے فجور کا اہل بنایا۔''

(15)۔۔۔۔۔۔مَحبوبِ رَبُّ العزت، محسنِ انسانیت عزوجل و صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اللہ عزوجل نے ایک قوم پر احسان فرمایا تو انہیں خیر کا الہام فرمایا اور انہیں اپنی رحمت میں داخل فرمایا، جبکہ ایک قوم کو آزمائش میں مبتلا فرمایا تو انہیں رسوا کر دیا اور ان کے افعال پر ان کی مذمت فرمائی، جب ان لوگوں نے آزمائش سے نکلنے کی استطاعت نہ پائی تو اللہ عزوجل نے انہیں عذاب میں مبتلا فرما دیا اور وہ پھر بھی عادل ہی ہے کیونکہ،
لَایُسْـَٔلُ عَمَّا یَفْعَلُ وَہُمْ یُسْـَٔلُوۡنَ ﴿23﴾
ترجمۂ کنز الایمان:اس سے نہیں پوچھا جاتا جووہ کرے اوران سب سے سوال ہو گا۔(پ17، الانبیاء:23)
(جامع الاحادیث، قسم الاقوال، الحدیث: ۵۴۷۵،ج۲،ص۲۹۱،بتغیر قلیل)
    عنقریب اس جیسی اوربہت سی احادیث بیان ہوں گی۔ اللہ عزوجل ارشاد فرماتا ہے:
فَمَنۡ یُّرِدِ اللہُ اَنۡ یَّہۡدِیَہٗ یَشْرَحْ صَدْرَہٗ لِلۡاِسْلَامِ ۚ وَمَنۡ یُّرِدْ اَنۡ یُّضِلَّہٗ یَجْعَلْ صَدْرَہٗ ضَیِّقًا حَرَجًا
ترجمۂ کنز الایمان:اورجسے اللہ راہ دکھانا چاہے اس کا سینہ اسلام کے لئے کھول دیتاہے اورجسے گمرا ہ کرنا چاہے اس کا سینہ تنگ خوب رکا ہواکردیتا ہے ۔(پ8، الانعام:125)

    یہ آیت مبارکہ، پچھلی آیتوں کی طرح قَد ْرِیَہ کی گمراہی اور ان کے راہ ِاستقامت سے روگردانی کرنے پر دلالت کرتی ہے۔
(المعجم الکبیر،الحدیث: ۲۳۲،ج۲۰،ص۱۱۷)
منکرینِ تقدیر کی مذمَّت پر احادیث مبارکہ :
(16)۔۔۔۔۔۔حضرت سیدنا معا ذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ صلَّی  اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اللہ عزوجل نے کبھی کوئی ایسا نبی پیدا نہیں کیا جس کی اُمت میں مُرْجِئَہ اور قَد ْرِیَہ نہ ہوں، بے شک اللہ عزوجل نے 70انبیاء کرام علیہم الصلوٰۃ والسلام کی زبان سے مُرْجِئَہ اورقَد ْرِیَہ پر لعنت فرمائی ۔''
Flag Counter