Brailvi Books

جہنم میں لیجانے والےاعمال (جلد اول)
272 - 857
 ((38)۔۔۔۔۔۔شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارعزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے کہ اللہ عزوجل ارشاد فرماتا ہے :''اگر میرے بندے کا  گناہ میں پڑ جانا اس کے اپنی نیکی کوپسندکرنے (يعنی خود پسندی میں مبتلا ہونے) سے بہتر نہ ہوتا تو میں اپنے مؤمن بندے کو ہر گز گناہ نہ کرنے دیتا۔''
 (کنزالعمال،کتاب الاخلاق ، قسم الاقوال،باب العجب، الحدیث:۷۶۶۹،ج۳،ص۲۰۶)
 (39)۔۔۔۔۔۔حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرعزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے: ''اگرمؤمن اپنے عمل کو پسند نہ کرتا تو اسے گناہوں سے بچا لیا جاتا یہاں تک کہ اسے گناہ کا خیال تک نہ آتا، لیکن مؤمن کا گناہ میں پڑ جانا عُجب میں مبتلا ہونے سے بہتر ہے۔''
         (المرجع السابق،الحدیث:۷۶۷۰)
 (40)۔۔۔۔۔۔نبی کریم ،رء ُوف رحیم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اس بات میں کوئی بھلائی اور خیر نہیں کہ بندہ اپنی زبان سے کوئی فیصلہ کرے اور دل میں اس پر خوش ہو۔''
  (المرجع السابق،الحدیث:۷۶۷۱)
 (41)۔۔۔۔۔۔نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :'' میری اُمت کے بدترین لوگ وہ ہیں جواپنی دینداری پر خوش ہوتے ہیں، اپنے عمل میں دکھاوا کرتے ہیں اور اپنی دلیل کے ذریعے جھگڑا کرتے ہیں حالانکہ دکھاوا شرک ہے۔''
 (المرجع السابق،الحدیث:۷۶۷۲)
 (42)۔۔۔۔۔۔رسولِ اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ و سلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جس نے کسی نیک عمل پراپنی تعریف کی اس کا شکر ضائع اور عمل بے کار ہو گیا۔''
     (المرجع السابق،الحدیث:۷۶۷۴)
لَیْسَ مَنْ مَّاتَ فَاسْتَرَاحَ بِمَیِّتٍ 		اِنَّمَا الْمَیِّتُ مَیِّتُ الْاَحْیَآءِ
یعنی جو اس جہانِ فانی سے کوچ کر جائے وہ حقیقت میں مردہ نہیں بلکہ وہ تو ابدی نیند سو رہا ہے، البتہ اصلی مردہ تو وہ ہے جو زندہ ہو کر بھی مردے کے اوصاف رکھتا ہے۔
  (المرجع السابق،الحدیث:۷۶۷۵)
بد عہد،غدار،خائن اور دھوکے باز کی مذمت
 (43)۔۔۔۔۔۔حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''قیامت کے دن ہر خیانت کرنے والے کے لئے ایک جھنڈا گاڑا جائے گا جس سے اس کی پہچان ہو گی۔''
 (کنزالعمال،کتاب الاخلاق ، قسم الاقوال،باب الغدر، الحدیث:۷۶۸۶،ج۳،ص۲۰۷)
 (44)۔۔۔۔۔۔سرکارمدینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: ''قیامت کے دن ہر خائن کے لئے ایک جھنڈا گاڑا جائے گا اور کہا جائے گا :''سن لو! یہ فلاں بن فلاں کی خیانت ہے۔''
 (صحیح مسلم، کتاب الجہاد، باب تحریم الغدر،الحدیث:۴۵۳،ص۹۸۶)
Flag Counter