Brailvi Books

جہنم میں لیجانے والےاعمال (جلد اول)
270 - 857
(24)۔۔۔۔۔۔دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''لوگوں سے تعریف کاخواہاں رہنا انسان کو اندھا اور بہرہ کر دیتا ہے۔''
     (فردوس الاخبار،باب الحاء،الحدیث:۲۵۴۸،ج۱،ص۳۴۷)
(25)۔۔۔۔۔۔رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جب قیامت کادن آئے گا تو اللہ عزوجل اپنے بندوں میں سے ایک بندے کو بلا کر اپنی بارگاہ میں کھڑا کریگااور اس سے اس کی دنیوی قدرو منزلت کے بارے میں اسی طرح مؤاخذہ فرمائے گاجیسے اس کے مال کے بارے میں مؤاخذہ فرمائے گا۔''
(جامع الاحادیث للسیوطی،قسم الاقوال ،الحدیث:۱۷۵۲،ج۱،ص۲۶۱)
بدگمانی ،لالچ ،شک وغیرہ کی مذمت
 (26)۔۔۔۔۔۔خاتَمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃٌ لّلْعٰلمین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جس نے اپنے بھائی سے بدگمانی کی بے شک اس نے اپنے رب عزوجل سے بدگمانی کی، کیونکہ اللہ عزوجل فرماتاہے:
اجْتَنِبُوۡا کَثِیۡرًا مِّنَ الظَّنِّ ۫
ترجمۂ کنزالایمان: بہت گمانوں سے بچو۔(پ26، الحجرات:12)
(الدرالمنثورفی التفسیر المأثور،سورۃ الحجرات،آیت۱۲،ج۷،ص۵۶۶)
(27)۔۔۔۔۔۔سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃٌ لّلْعٰلمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جب تمہیں بد گمانی پیداہو تو اس پریقین نہ کرو، جب تم حسد کرو تو حد سے نہ بڑھا کرو، جب تمہیں کسی کام کے بارے میں بدشگونی پیداہو تو اسے کر گزرو اور اللہ عزوجل پربھروسہ رکھو اور جب کوئی چیز تولو تو زیادہ تول دیا کرو۔''
 (جامع الاحادیث للسیوطی،قسم الاقوال ،الحدیث:۱۵۷۷،ج۱،ص۲۳۷)
(28)۔۔۔۔۔۔شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''لوگوں سے منہ پھیر لو کیا تم نہیں جانتے کہ اگرتم لوگوں میں شک کو تلاش کرو گے تو انہیں خراب کر دوگے یافسادمیں ڈال دو گے۔''
(المعجم الکبیر،الحدیث:۸۵۹،ج۱۹،ص۳۶۵)
(29)۔۔۔۔۔۔مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امین عزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''لالچ ایسی پھسلانے والی چٹان ہے جس پرعلما ء بھی ثابت قدم نہیں رہتے۔''
(کنزالعمال،کتاب الاخلاق،باب الطمع، الحدیث:۷۵۷۹،ج۳،ص۱۹۹)
(30)۔۔۔۔۔۔نبی کریم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اللہ عزوجل کی تین چیزوں سے پناہ مانگو: (۱)ایسی خواہش سے جس کا کوئی فائدہ نہ ہو (۲)ایسی خواہش سے جو عیب دار کر دے (۳)ایسے عیب سے جس کی خواہش کی جاتی ہو، ایسی خواہش سے اللہ عزوجل کی پناہ مانگوجوعیب بن جائے اور ایسے عیب سے جو خواہش بن جائے۔''
(المرجع السابق،الحدیث:۷۵۸۰،۷۵۸۱)
Flag Counter