(155)۔۔۔۔۔۔سرکارِ والا تَبار، بے کسوں کے مددگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اللہ عزوجل نے( کسی کو) جہالت کی وجہ سے کبھی عزت عطا نہیں فرمائی اور نہ ہی کبھی (کسی کو) بردباری کی وجہ سے ذلیل کیا اور صدقہ نے کبھی مال میں کمی نہیں کی ۔''
(کنزالعمال،کتاب الاخلاق،قسم الاقوال،الحدیث:۵۸۲۷،ج۳،ص۵۷،بتغیرٍ قلیلٍ)
(156)۔۔۔۔۔۔شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختارباِذنِ پروردگارعزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''دو باتیں بہت عجیب ہیں(۱) بے وقوف آدمی سے حکمت کی بات اور(۲)بردبار شخص سے بے وقوفی کی بات، لہٰذا اس بات سے درگزر کرلیا کرو کیونکہ بردبار شخص صاحبِ فراست اور حکمت والا تجربہ کار ہوتا ہے۔''
(کنزالعمال،کتاب الاخلاق،قسم الاقوال ،الحدیث:۵۸۳۷،ج۳،ص۵۷)
(157)۔۔۔۔۔۔حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرعزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کافرمانِ عالیشان ہے: ''باوقار شخص بردبار ، عالِم صاحبِ فراست اور صاحبِ حکمت تجربہ کار ہوتا ہے۔''
(المرجع السابق،الحدیث:۵۸۳۸،ایضاً)
(158)۔۔۔۔۔۔نبی کریم ،رء ُوف رحیم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جو اہلِ زمین پر رحم نہیں کریگا آسمان کا مالک اس پر رحم نہیں فرمائے گا۔''
(المعجم الکبیر،الحدیث:۲۴۹۷،ج۲،ص۳۵۵)
(159)۔۔۔۔۔۔نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :'' جودوسروں پر رحم نہیں کرتااس پر بھی رحم نہیں کیا جاتا ،جو دوسروں سے درگزر نہیں کرتا اس سے بھی درگزر نہیں کیا جاتا اور جوتوبہ نہیں کرتااسے معاف نہیں کیاجاتا اللہ عزوجل تواپنے رحم دِل بندوں پرہی رحم فرماتاہے۔''
(المعجم الکبیر،الحدیث: ۲۴۷۶،ص۳۵۱، الحدیث:۲۳۵۳،ص۳۲۴)
(160)۔۔۔۔۔۔رسولِ اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ سلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جو ہمارے چھوٹوں پر رحم نہ کرے اور ہمارے بڑوں کا حق نہ پہچانے وہ ہم میں سے نہیں، جو ہمیں دھوکا دے وہ بھی ہم میں سے نہیں اور مؤمن اس وقت تک کامل مؤمن نہیں ہوسکتا جب تک دیگر مؤمنین کے لئے وہی چیز پسند نہ کرے جسے اپنے لئے پسند کرتاہے۔''
(المعجم الکبیر،الحدیث:۱۸۵۴،ج۸،ص۳۰۸)