Brailvi Books

جہنم میں لیجانے والےاعمال (جلد اول)
179 - 857
کبیرہ نمبر3: ناحق غصہ کرنا، دل میں کینہ رکھنا اورحسد کرنا
    یہ تینوں چونکہ ایک دوسرے کولازم وملزوم ہيں یعنی ان کا ایک دوسرے سے تعلق ہے کیونکہ حسد کینے کا نتیجہ ہے اور کینہ غصے کا نتیجہ ہے، لہٰذا یہ ایک ہی بدخصلت کی طرح ہوئے، اس لئے میں نے انہیں ایک ہی عنوان کے تحت جمع کر دیا ہے کیونکہ ان میں سے ہر ایک کی مذمت دوسرے کی مذمت کو لازم ہے، کیونکہ فرع کی مذمت در حقیقت اصل کی مذمت ہے اور اصل کی مذمت فرع کی مذمت ہے۔اللہ عزوجل کا فرمانِ عالیشان ہے:
اِذْ جَعَلَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا فِیۡ قُلُوۡبِہِمُ الْحَمِیَّۃَ حَمِیَّۃَ الْجَاہِلِیَّۃِ فَاَنۡزَلَ اللہُ سَکِیۡنَتَہٗ عَلٰی رَسُوۡلِہٖ وَ عَلَی الْمُؤْمِنِیۡنَ وَ اَلْزَمَہُمْ کَلِمَۃَ التَّقْوٰی وَ کَانُوۡۤا اَحَقَّ بِہَا وَ اَہۡلَہَا ؕ
ترجمۂ کنز الایمان: جب کہ کافروں نے اپنے دلوں میں اَڑرکھی وہی زمانہ جاہلیت کی اڑ(ضد) تو اللہ نے اپنا اطمینان اپنے رسول اور ایمان والوں پر اُتا ر ا اور پر ہیز گا ر ی کا کلمہ ان پر لازم فرمایا اور وہ اس کے زیادہ سزاوار اور اس کے اہل تھے۔ (پ26، الفتح:26)

    اس آیت مبارکہ میں اللہ عزوجل نے ناحق غصہ کے سبب صادر ہونے والی نخوت ومروّت ظاہر کرنے پر کفار کی مذمت فرمائی اور مسلمانوں کو نخوت ومروّت سے بچانے والے اطمینان اورسکینہ نازل کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے ان کی مدح فرمائی ہے کہ انہوں نے پرہیز گاری کولازم پکڑلیا ہے،اس لئے وہ اس کے اہل اورمستحق ٹھہرے ہیں۔

    ایک دوسری جگہ اللہ عزوجل کا فرمانِ عالیشان ہے:
اَمْ یَحْسُدُوۡنَ النَّاسَ عَلٰی مَاۤ اٰتٰىہُمُ اللہُ مِنۡ فَضْلِہٖ ۚ
ترجمۂ کنز الایمان: یالوگوں سے حسد کرتے ہیں اس پر جو اللہ نے انہیں اپنے فضل سے دیا۔(پ5، النسآء:54)

(1)۔۔۔۔۔۔ اللہ کے مَحبوب، دانائے غُیوب،، مُنَزَّہٌ عَنِ الْعُیوب عزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''غصہ شیطان کی طرف سے ہوتا ہے اور چونکہ شیطان آگ کی پیدائش ہے اور پانی آگ کو بجھا دیتا ہے لہٰذا جب تم میں سے کسی کو غصہ آئے تو اسے چاہے کہ وہ غسل کرے۔''
            (جامع الاحادیث،الحدیث:۱۴۶۸۵،ج۶،ص۲۵۳)
(2)۔۔۔۔۔۔ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''غصہ سے اجتناب کرو۔''
(المسندللامام احمد بن حنبل،حدیث رجل من اصحاب النبی،الحدیث:۲۳۵۲۸،ج۹،ص۱۲۳)
(3)۔۔۔۔۔۔ دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے کہ ''جب تم میں سے کسی کو غصہ آئے تو اسے چاہے کہ اَعُوْذُ بِاللہ پڑھ لے اس کا غصہ ختم ہوجائے گا۔''
(الکامل فی ضعفاء الرجال، ج۶،ص۴۵۱،''احدکم'' بدلہ ''رجل'')
Flag Counter