| جہنم میں لیجانے والےاعمال (جلد اول) |
(81)۔۔۔۔۔۔ حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرعزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اللہ عزوجل کی عبادت اخلاص کے ساتھ کرو، پانچ وقت کی نماز قائم کرو، خوشدلی سے اپنے اموال کی زکوٰۃ ادا کرو، رمضان کے روزے رکھو اور اپنے رب عزوجل کے گھر کا حج کرو تویقینا اپنے رب عزوجل کی جنت میں داخل ہو جاؤ گے۔''
(کنزالعمال،کتاب الاخلاق،قسم الاقوال ،باب الاخلاص، الحدیث:۵۲۵۶،ج۳،ص۱۲)
(82)۔۔۔۔۔۔ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اخلاص کے ساتھ ایک ہستی یعنی اللہ عزوجل کی رضا کے لئے عمل کرو وہ تمام لوگوں کے مقابلے میں تمہیں کافی ہو گا۔''
(الکامل فی الضعفاء الرجال،ج۸،ص۳۰۷)
(83)۔۔۔۔۔۔ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :'' اعمال ایک برتن کی مانند ہوتے ہیں یعنی جب برتن کا پیندہ اچھا ہوگا تو اس کا بالائی حصہ بھی اچھا ہو گا۔''
(سنن ابن ماجۃ ، ابواب الزھد، باب التوقی علی العمل ، الحدیث:۴۱۹۹،ص۲۷۳۲)
(84)۔۔۔۔۔۔ رسولِ اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ سلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اعمال اپنے انجام کے اعتبار سے برتن کی مانند ہوتے ہیں یعنی جب اس کا بالائی حصہ پاکیزہ ہو گا تو نچلا حصہ بھی پاک ہو گا اور اگر بالائی حصہ گندا ہو گا تو نچلا حصہ بھی گندا ہوگا۔''
(کنزالعمال،کتاب الاخلاق،قسم الاقوال ،باب الاخلاص من الاکمال، الحدیث:۵۲۸۳،ج۳،ص۱۳)
(85)۔۔۔۔۔۔حضور نبئ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''دنیاسے جوکچھ بچ رہا وہ آزمائش اورفتنہ ہے اور تم میں سے کسی کے اعمال برتن کی مانند ہوتے ہیں جب اس کابالائی حصہ اچھا ہوتاہے تو نچلا حصہ بھی صاف ہوتا ہے اور جب اس کا بالائی حصہ گندا ہوتا ہے تو نچلا حصہ بھی گندا ہوتا ہے۔''
(المسندللامام احمد بن حنبل،مسند الشامیین، الحدیث:۱۶۸۵۳،ج۶،ص۱۸)
(86)۔۔۔۔۔۔ اللہ کے مَحبوب، دانائے غُیوب ، مُنَزَّہٌ عَنِ الْعُیوب عزوجل و صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اللہ عزوجل وہی عمل پسند فرماتاہے جو اخلاص کے ساتھ اس کی رضا چاہنے کے لئے کیا جاتاہے ۔''
(سنن نسائی ، کتاب الجہاد،باب من غذایلتمس۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث:۳۱۴۲،ص۲۲۹۰)
(87)۔۔۔۔۔۔ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اللہ عزوجل تمہاری صورتوں اور تمہارے اموال پر نظر نہیں فرماتا بلکہ تمہارے دلوں اور اعمال پر نظر رکھتا ہے۔''
(صحیح مسلم، کتاب الادب، باب تحریم ظلم المسلم۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث:۶۵۴۳،ص۱۱۲۷)
(88)۔۔۔۔۔۔ دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے کہ ''بندہ جب اعلانیہ طو ر پر نماز