Brailvi Books

جہنم میں لیجانے والےاعمال (جلد اول)
142 - 857
قرآنِ کریم اس لئے پڑھا تا کہ تجھے قاری کہا جائے اور وہ تجھے کہہ لیا گیا۔''پھر اسے جہنم میں ڈالنے کا حکم ہو گا تو اسے منہ کے بل گھسیٹ کر جہنم میں ڈال دیا جائے گا، پھر ایک مالدار شخص کو لایا جائے گا جسے اللہ عزوجل نے کثرت سے مال عطا فرمایا تھا، اسے لا کر نعمتیں یاد دلائی جائیں گی وہ بھی ان نعمتوں کا اقرار کریگا تو اللہ عزوجل ارشاد فرمائے گا :''تو نے ان نعمتوں کے بدلے کیا کیا؟'' وہ عرض کریگا: ''میں نے تیری راہ میں جہاں ضرورت پڑی وہاں خرچ کیا۔'' تو اللہ عزوجل ارشاد فرمائے گا: ''تو جھوٹا ہے تو نے ایسا اس لئے کیا تھا تا کہ تجھے سخی کہا جائے اور وہ کہہ لیا گیا۔'' پھر اس کے بارے میں جہنم کا حکم ہو گا اور اسے بھی منہ کے بل گھسیٹ کر جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔''
     (صحیح مسلم، کتاب الامارۃ، باب من قاتل للریاء۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث:۴۹۲۳،ص۱۰۱۸)
(10)۔۔۔۔۔۔مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''قیامت کے دن لوگوں میں سب سے پہلے تین شخص جہنم میں داخل ہوں گے، ایک شخص کو لایاجائے گا تو وہ عرض کرے گا: ''یارب عزوجل! تُو نے مجھے اپنی کتاب سکھائی تو میں دن رات ثواب کی اُمید پر اسے پڑھتا رہا۔'' تو اللہ عزوجل ارشاد فرمائے گا :''تو جھوٹا ہے تو نماز اس لئے پڑھتا تھا کہ تجھے قاری، نمازی کہاجائے اور وہ تجھے کہہ لیا گیا۔'' پھرفرشتوں کو حکم ہو گا کہ اسے جہنم کی طرف لے جاؤ۔ پھر دوسرے کو لایا جائے گا تو وہ عرض کرے گا: ''یارب عزوجل! تو نے مجھے مال عطا فرمایا تو میں تیرے ثواب اور جنت کی امید پر اس کے ذریعے صلہ رحمی کرتا، مسکینوں پرخرچ کرتا اور مسافروں کو اس کے ذریعے سواری مہیا کیا کرتا تھا۔'' اس سے بھی کہاجائے گا :''تُو جھوٹا ہے کیونکہ تو صدقہ اور صلہ رحمی اس لئے کرتا تھا کہ تجھے رحمدل اور سخی کہا جائے اور وہ تجھے کہہ لیا گیا۔'' پھرحکم ہو گا کہ اسے جہنم کی طرف لے جاؤ، پھر تیسرے شخص کو لایا جائے گا تو وہ عرض کرے گا: ''یارب عزوجل! میں تیرے ثواب اور جنت کی اُمید پر تیری راہ میں جہاد پر نکلا اور کافروں سے لڑا اور پیٹھ پھیر کر نہ بھاگا۔'' تو اس سے کہاجائے گا :''تُو جھوٹا ہے، تُو نے جہاد اس لئے کیا تاکہ تجھے بہادر اور جری کہا جائے اور وہ تجھے کہہ لیا گیا۔'' پھر حکم ہوگا کہ اسے جہنم کی طرف لے جاؤ۔''
(المستدرک ،کتاب الجھاد، باب سبب نزول آیۃ (فمن کان یرجو لقاء ربہ)، الحدیث۲۵۷۴، ج ۲، ص ۴۴۲)
(11)۔۔۔۔۔۔مَحبوبِ رَبُّ العزت، محسنِ انسانیت عزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''حساب کے وقت تین شخص ہلاک ہو جائیں گے: سخی، بہادر اور عالم۔''
 (المستدرک ،کتاب العلم، باب ان اول الناس.....الخ ، الحدیث:۳۷۲،ج۱،ص۰۵ ۳)
(12)۔۔۔۔۔۔شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ،باعث نزول سکینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جب اللہ عزوجل شک وشبہ سے پاک دن یعنی قیامت میں اولین وآخرین کو جمع کرے گا تو ایک منادی ندا دے گا :''جس نے اللہ عزوجل کے لئے کئے جانے والے عمل میں کسی کو شریک کیا وہ اسی کے پاس اپنا ثواب تلاش کرے کیونکہ اللہ عزوجل شرکاء سے بے نیاز ہے۔''
(المسند للامام احمد بن حنبل ،مسند المکیین،حدیث ابی سعید بن ابی فضیلہ،الحدیث:۱۵۸۳۸،ج۵،ص۳۶۹)
Flag Counter