| جہنم میں لیجانے والےاعمال (جلد اول) |
(40)۔۔۔۔۔۔نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے کہ کیا تم نہیں جانتے کہ تمہارا رب عزوجل کیا فرماتا ہے ؟ وہ فرماتا ہے :''جب بھی میں اپنے بندوں پر کوئی انعام فرماتا ہوں تو اس کی وجہ سے ان میں سے ایک گروہ کافر ہو جاتا ہے۔'' وہ گروہ کہتا ہے :''یہ فلاں ستارے نے کیاہے یا فلاں ستارے کی وجہ سے یہ نعمت ملی ہے۔''
(المسندلامام احمد بن حنبل،مسند ابی ہریرہ ، الحدیث:۸۷۴۷،ج۳،ص۲۸۶)
(41)۔۔۔۔۔۔ دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے کہ کیا تم جانتے ہو کہ آج رات تمہارے رب عزوجل نے کیا ارشاد فرمایا ہے؟ اللہ عزوجل نے ارشاد فرمایا ہے :''میرے کچھ بندے مؤمن ہوئے اور کچھ کافر، جو یہ کہتے ہیں کہ ہمیں فلاں فلاں ستارے کی وجہ سے بارش دی گئی وہ میرا انکار کرنے والے اور ستاروں پر ایمان لانے والے ہیں ۔''
(صحیح البخاری ، کتاب الاذان ، باب یستقبل الامام الناس اذا سلم ، الحدیث:۸۴۶،ص۶۷)
(42)۔۔۔۔۔۔ سرکارِ والا تَبار، بے کسوں کے مددگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جب تک میری اُمت کو ستارے گمراہ نہ کر دیں وہ ہمیشہ اپنے دین پرقائم رہے گی۔''
(کنزالعمال،کتاب الاخلاق،قسم الاقوال الاکمال،الحدیث:۸۲۸۵،ج۳،ص۲۵۵)
(43)۔۔۔۔۔۔ شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار باِذنِ پروردْگار عزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''لوگوں میں سے بعض شکر کرنے والے ہیں اورانہیں میں سے بعض کفر کرنے والے بھی ہیں، وہ کہتے ہیں :''یہ رحمت ہے۔'' اور بعض کہتے ہیں :''ہم پرفلاں فلا ں ستارے کی وجہ سے صدقہ کیا گیا ہے۔''
(صحیح مسلم،کتاب الایمان،باب بیان کفر من قال۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث:۲۳۴،ص۶۹۲)
تنبیہ2:
گذشتہ صفحات میں اللہ عزوجل کا یہ فرمان گزر چکا ہے:
اِنَّ اللہَ لَا یَغْفِرُ اَنۡ یُّشْرَکَ بِہٖ وَیَغْفِرُ مَا دُوۡنَ ذٰلِکَ لِمَنۡ یَّشَآءُ ۚ
ترجمہ کنزالایمان: بے شک اللہ اسے نہیں بخشتا کہ اس کے ساتھ کفر کیا جائے اور کفر سے نیچے جو کچھ ہے جسے چاہے معاف فرمادیتا ہے۔(پ 5 ،النسآء : 48) یہ آیت کریمہ اللہ عزوجل کے اس فرمان کے عموم کی تخصیص کرتی ہے:
یٰعِبَادِیَ الَّذِیۡنَ اَسْرَفُوۡا عَلٰۤی اَنۡفُسِہِمْ لَا تَقْنَطُوۡا مِنۡ رَّحْمَۃِ اللہِ ؕ اِنَّ اللہَ یَغْفِرُ الذُّنُوۡبَ جَمِیۡعًا ؕ اِنَّہٗ ہُوَ الْغَفُوۡرُ الرَّحِیۡمُ ﴿53﴾
ترجمہ کنزالایمان:اے میرے وہ بندو جنہوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی اللہ کی رحمت سے نا امید نہ ہو بے شک اللہ سب گناہ بخش دیتاہے بے شک وہی بخشنے والامہربان ہے۔(پ24، الزمر:53)