دنیاوی تمام تر قیاں بلبلیں تھیں اور دولت ایمان چمن،اگر چمن آباد ہے ہزار ہا بلبلیں پھر آجائیں گی ۔ مگر جب چمن ہی اجڑ گیا تو اب بلبوں کے آنے کی کیا امید ہے ، مسلمانوں کی اصل بیماری تو شریعت مصطفی علیہ الصلٰوۃ والسلام کو چھوڑ نا ہے اب اس کی وجہ سے اور بہت سی بیماریاں پیدا ہوگئیں ۔ مسلمانوں کی صدہا بیماریاں تین قسم میں منحصر ہیں ۔ اوّل رو زانہ نئے نئے مذہبو ں کی پیداواراور ہر آواز پر مسلمانوں کا آنکھیں بند کر کے چل پڑنا ۔ دو سرے مسلمانوں کی خانہ جنگیاں اور مقدمہ بازیاں اور آپس کی عدواتیں۔ تیسرے ہمارے جاہل باپ دادوں کی ایجاد کی ہوئی خلاف شرع یا فضول رسمیں ان تین قسم کی بیماریوں نے مسلمانوں کو تباہ کر ڈالا ، بر باد کردیا ، گھر سے بے گھر بنادیا مقرو ض کردیا ۔ غر ضیکہ ذلت کے گڑھے میں دھکیل دیا ۔