(4) وَ قت:یعنی جونَماز پڑھنی ہے اُس کا وَقت ہونا ضَروری ہے۔مَثَلاً آج کی نمازِ عصر ادا کرنی ہے تو يہ ضَروری ہے کہ عَصر کا وَقت شُرُوع ہو جائے اگر وَقتِ عصر شُرُوع ہونے سے پہلے ہی پڑھ لی تونَماز نہ ہو گی۔* نِظامُ الاوقات کے نقشے عُمُوماً مل جاتے ہيں ان ميں جومُستند تَوقِيت داں (تَوْ۔ قِیْت۔ دَاں یعنی وقت کا علم رکھنے کے ماہر)کے مُرتَّب کردہ اور عُلَمائے اہلِسنّت کے مُصَدَّقہ(تصدیق شدہ ) ہوں ان سے نَمازوں کے اَوقات معلوم کرنے ميں سَہولت رَہتی ہے اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ دعوت اسلامی کی ویب سائٹ(WWW.DAWATEISLAMI.NET)پر تقریباً دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے نَمازوں اور سحر و افطار کا نظام الاوقات موجود ہے۔* اسلا می بہنوں کے لئے اوّل وَقت ميں نَمازِ فجر ادا کرنا مُسْتَحَب ہے اور باقی نَمازوں ميں بہتر يہ ہے کہ اسلامی بھائیوں کی جماعت کا انتِظار کريں جب جماعت ہوچکے پھر پڑھيں ۔