زَخم پرپٹّی وغیرہ بندھی ہواوراسے کھولنے میں نقصان یاحَرَج ہوتوپٹّی پرہی مَسح کرلیناکافی ہے نیزکسی جگہ مرض یادردکی وجہ سے پانی بہانا نقصان دِہ ہو تو اس پورے عُضْوپرمَسح کرلیجئے۔پَٹّی ضَرورت سے زِيادہ جگہ کو گھیرے ہوئے نہيں ہونی چاہئے ورنہ مَسح کافی نہ ہوگا۔اگر ضَرورت سے زِيادہ جگہ گھيرے بِغیرپٹّی باند ھنا ممکن نہ ہو مَثَلاًبازوپرزخم ہے مگرپٹّی بازوؤں کی گولائی میں باندھی ہے جس کے سبب بازوکااچھّاحصّہ بھی پٹّی کے اندر چھُپاہواہے ،تواگرکھولناممکِن ہوتو کھو ل کر اُس حصّے کو دھونافرض ہے۔اگر ناممکِن ہے یاکھولنا تو ممکِن ہے مگرپھر وَیسی نہ باند ھ سکے گی اوریوں زَخْم وغيرہ کونقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے توساری پٹّی پرمَسح کرلیناکافی ہے ۔ بدن کاوہ اچھّاحصّہ بھی دھونے سے مُعاف ہو جائے گا۔
(بہارِ شريعت حصّہ 2 ص 40)