رات میں بعد نمازِ عشا ء جو نوافِل پڑھے جائیں ان کو صلاۃُ اللَّیل کہتے ہیں اور رات کے نوافل دن کے نوافل سے افضل ہیں کہ صحیح مسلم شریف میں ہے: سیِّدُ المُبَلِّغین،رَحمۃٌ لِّلْعٰلمِین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے ارشادفرمایا : ''فرضوں کے بعد افضل نَماز رات کی نماز ہے۔''
(صَحِیح مُسلِم،ص۵۹۱ حدیث۱۱۶۳)
تَہَجُّد اور رات میں نَماز پڑھنے کا ثواب
اللہ تبارَکَ وَ تَعالٰی پارہ 21 سورۃالسَّجدہ آیت نمبر16 اور17 میں ارشاد فرماتا ہے:
تَتَجَافٰی جُنُوۡبُھُمْ عَنِ الْمَضَاجِعِ یَدْعُوۡنَ رَبَّھُمْ خَوْفًا وَّ طَمَعًا ۫ وَّ مِمَّا رَزَقْنٰھُمْ یُنۡفِقُوۡنَ ﴿۱۶﴾فَلَا تَعْلَمُ نَفْسٌ مَّاۤ اُخْفِیَ لَہُمۡ مِّنۡ قُرَّۃِ اَعْیُنٍ ۚ جَزَآءًۢ بِمَاکَانُوۡایَعْمَلُوۡنَ ﴿۱۷﴾
ترجَمۂ کنزالایمان : ان کی کروٹیں جدا ہوتی ہیں خواب گاہوں سے اوراپنے رب کو پکارتے ہیں ڈرتے اورامید کرتے اور ہمارے دیئے ہوئے سے کچھ خیرات کرتے ہیں تو کسی جی کو نہیں معلوم جو آنکھ کی ٹھنڈک ان کے لئے چھپارکھی ہے صلہ ان کے کاموں کا۔