پيشانی کے بال يا کھال پر رکھ کر(ذرا سا دبا کر) کھينچتے ہوئے گُدّی تک اِس طرح لے جائیے کہ اِس دَوران ان اُنگلیوں کا کوئی حصّہ بالوں سے جُدا نہ رہے مگر ہتھيلياں سَر سے جُدا رہيں،صرف اُن بالوں پرمَسح کیجئے جو سر کے اُوپر ہیں۔ پھر گدّی سے ہتھيلياں کھينچتے ہوئے پيشانی تک لے آئیے، کلمے کی اُنگلياں اور اَنگوٹھے اِس دَوران سَر پر باِلکل مَس نہيں ہونے چاہئيں ،پھر کلمے کی اُنگليوں سے کانوں کی اندرونی سَطح کا اور اَنگوٹھوں سے کانوں کی باہَری سَطح کا مسح کیجئے اور چُھنگلياں (يعنی چھوٹی اُنگلیاں ) کانوں کے سُوراخوں ميں داخِل کیجئے اور اُنگليو ں کی پُشت سے گردن کے پچھلے حصّے کا مَسح کیجئے، بعض اسلامی بہنیں گلے کا اور دھُلے ہوئے ہاتھوں کی کہُنيوں اور کلائيوں کا مَسْح کرتی ہيں یہ سنّت نہيں ہے۔ سر کا مسح کرنے سے قبل ٹُونٹی اچھّی طرح بند کر نے کی عادت بنالیجئے بِلا وجہ نل کُھلا چھوڑ دينا يا اَدھورا بند کرنا کہ پانی ٹپک کر ضائع ہوتارہے اِسراف ہے ۔ اب پہلے سيدھا پھر اُلٹا پاؤں ہر بار اُنگلیوں سے شُروع کر کے ٹخنوں کے اوپر تک بلکہ مُستَحَب ہے کہ آدھی پِنڈلی تک تین تین باردھولیجئے۔ دونوں پاؤں کی اُنگليوں کا خِلال کرنا سنّت ہے۔(خِلال کے دَوران نل بند رکھئے )اس کا مُستَحَب طریقہ یہ ہے کہ اُلٹے ہاتھ کی چُھنگلیا ( چھوٹی اُنگلی)سے سيدھے پاؤں کی چُھنگليا کا خِلا ل شروع کر کے اَنگوٹھے پر ختم کیجئے اور اُلٹے ہی ہاتھ کی چُھنگليا سے اُلٹے پاؤں کے انگوٹھے سے شروع کر کے چُھنگلياپر ختم کر لیجئے ۔ (عامۂ کُتُب )