اسلامی بہنو!دیکھا آپ نے کہ کس طرح ایک ماں اپنی بیٹی کی انفرادی کوشش سے دعوتِ اسلامی کے مَدنی ماحول سے وابستہ ہوگئی ۔یقینا نیکی کی دعوت کے کام میں اِنفِرادی کوشِش کو بڑا عمل دَخل ہے حتّٰی کہ ہمارے میٹھے میٹھے آقا،مدینے والے مصطَفٰے صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نیز سب کے سب اَنبیاءِ کرام علیہم الصلوۃ والسلام نے نیکی کی دعوت کے کام میں اِنفرادی کوشش فرمائی ہے۔امیراہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ فرماتے ہیں:''دعوتِ اسلامی کاتقریباً99%(ننانوے فیصد ) مدنی کام اِنفرادی کوشش کے ذَرِیعے ہی ممکن ہے۔''
یاد رکھئے!اجتماعی کوشش کے مقابلے میں اِنفرادی کوشش بے حد آسان ہے کیونکہ کثیر اسلامی بہنوں کے سامنے ''بیان'' کرنے کی صلاحیّت ہر ایک میں نہیں ہوتی جبکہ اِنفرادی کوشش ہر ایک کر سکتی ہے خواہ اُسے بیان کرنا نہ بھی آتا ہو۔مَدَنی مرکز کے دئیے ہوئے طریقہ کار کے مطابق انفرادی کوشِش کے ذَرِیعے خوب خوب نیکی کی دعوت دیتی جائیے اور ثواب کا خزانہ لوٹتی جائیے۔