نمازِ وتر
وتر کا شرعی حکم
سوال …: کیا وتر پڑھنا فرض ہے؟
جواب …: جی نہیں وتر پڑھنا فرض نہیں بلکہ واجب ہے۔
سوال …: کیا فرض کی طرح وتر کی بھی قضا ہے؟
جواب …: جی ہاں ! فرض کی طرح وِتر کی بھی قضا کرنا ضروری ہے۔
وتر کا وقت
سوال …: وتر کس وقت پڑھے جاتے ہیں ؟
جواب …: وتر نمازِ عشا کے بعد پڑھے جاتے ہیں ؟
سوال …: اگر کوئی نمازِ عشا سے پہلے وتر پڑھ لے تو کیا ہو جائیں گے؟
جواب …: جی نہیں ! عشا اور وتر کا وقت اگرچہ ایک ہے مگر باہم ان میں ترتیب فرض ہے کہ عشا سے پہلے وتر کی نماز پڑھ لی تو ہوگی ہی نہیں ، البتہ بھول کر اگر وتر پہلے پڑھ ليے یا بعد کو معلوم ہوا کہ عشا کی نماز بے وضو پڑھی تھی اور وتر وضو کے ساتھ تو وتر ہوگئے۔ (1)
سوال …: وتر کب تک پڑھے جا سکتے ہیں ؟
جواب …: وتر عشا کے فرضوں کے بعد سے صبح صادق تک پڑھے جا سکتے ہیں ۔
سوال …: وتر پڑھنے کا افضل وقت کونسا ہے؟
جواب …: جو سو کر اٹھنے پر قادِر ہو اُس کیلئے افضل ہے کہ پچھلی رات میں اُٹھ کر پہلے تَھَجُّد ادا کرے پھر وتِر۔(2)
________________________________
- 1 بہارِ شریعت، نماز کے وقتوں کا بیان، ۱ / ۴۵۱
- 2 نماز کے احکام، نماز کا طریقہ، ص ۲۷۳