Brailvi Books

اسلام کی بنیادی باتیں جلد2
86 - 99
 (7) … رَجب المرجب: 
	رجب المرجب کی 27ویں شب کو ہمارے پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم    آسمانوں کی سیر کو تشریف لے گئے اور اپنے ربّ عَزَّ وَجَلَّ کا بھی سر کی آنکھوں سے دیدار کیا۔ اس شب کو شب معراج کہتے  ہیں اور یہ انتہائی مقدس رات ہے۔
٭…٭…٭
 (8) … شعبان المعظم : 
	شعبان المعظم کے بارے میں مکی مدنی سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا کہ یہ میرا مہینہ ہے اس مبارک ماہ کی 15 ویں شب کو شب براءت کہتے  ہیں ۔ اللہ عَزَّ وَجَلَّ  اس شب میں تجلی فرماتاہے اور جو توبہ کرتے ہیں ان کو بخش دیتا ہے اور جو رحمت طلب کرتے ہیں ان پر رحم فرماتا ہے لہٰذا اس شب آتش بازی و دیگر حرام کاموں سے بچنا چاہئے اور خوب عبادت کر کے اپنے ربّ کو راضی کرنا چاہئے۔ 
 (9) … رمضان المبارک : 
	رمضان المبارک کو اللہ کا مہینہ کہا جاتا ہے اور اس میں روزے رکھے جاتے ہیں ۔ ماہِ رمضان کے فیضان کے کیا کہنے! اس کی تو ہر گھڑی رحمت بھری ہے۔ اس مہینے میں اجر و ثواب بہت ہی بڑھ جاتا ہے ۔ نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب 70 گنا کر دیا جاتا ہے بلکہ اس مہینے میں تو روزہ دار کا سونا بھی عبادت میں شمار کیا جاتا ہے۔