مسجد کے آداب
پیارے مدنی منو! مسجد اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا گھر ہے، اس کی تعظیم بجا لانا سب پر لازم ہے۔
٭… جب بھی مسجد میں داخل ہوں تو لباس، منہ اور بدن پاک و صاف اور خوشبو دار ہو۔
٭… مسجد میں بدبودار لباس، بدن یا منہ یا کسی قسم کی بدبودار چیز لے جانا حرام ہے کیونکہ بدبودار چیزوں سے فرشتوں کو تکلیف ہوتی ہے۔
٭… جب بھی مسجد میں داخل ہوں اعتکاف کی نیت فرما لیجئے۔ جب تک مسجد میں رہیں گے کچھ پڑھیں یانہ پڑھیں ثواب ملتا رہے گا۔
٭… مسجد میں اعتکاف کی نیت کے بغیر کھانا پینا سونا سحری وافطار کرنا منع ہے۔
٭… مسجد میں ہنسنا قبر میں اندھیرا لاتا ہے۔ (1) ضرورتاً مسکرانے میں حرج نہیں ۔
٭… مسجد میں مباح بات کرنا مکروہ اور نیکیوں کو کھا جاتا ہے۔ (2)
٭… مسجد میں کوڑا کرکٹ ہرگز نہ پھینکیں ، مسجد میں اگر معمولی تنکا یا ذرہ پھینکا جائے تو اس سے مسجد کو اس قدر تکلیف ہوتی ہے جس قدر انسان کو آنکھ میں معمولی ذرّہ پڑنے سے ہوتی ہے۔
٭… جوتے اتار کر مسجدمیں لے جانا چاہیں تو گردوغیرہ اچھی طرح جھاڑ لیں اسی طرح پاؤں میں مٹی لگی ہوتو رومال سے صاف کر لیجئے۔ (3)
٭… مسجدمیں دوڑنا یا اتنے زور سے قدم رکھنا جس سے دھمک پیدا ہو منع ہے۔ (4)
________________________________
- 1 ملفوظات اعلٰي حضرت، حصه دوم، ص۳۲۳
- 2 فتح القدير، كتاب الصلاة، ج۱، ص۳۶۹
- 3 جذب القلوب، ص۲۵۷
- 4 ملفوظات اعلي حضرت، حصه دوم، ص۳۱۸