معروف ومشہور ہو گیا ۔
اگلے سال انصار میں سے بارہ افراد مکہ مکرمہ حاضر ہوئے ، جنہوں نے مقام ِ عقبہ میں آپ ا سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔ حضرت جابر کے علاوہ پانچ تووہ تھے،جو پچھلے سال شرفِ اسلام حاصل کر چکے تھے۔ اور ان کے علاوہ معاذ بن عفراء ، ذکوان بن عبد قیس ، عبادہ بن صامت ، یزید بن ثعلبہ ، عباس بن عبادہ ، عویم بن ساعدہ اور ابوالہیثم ابن التیہان رضی اللہ عنہم نے رسول اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے بیعت کا شرف حاصل کیا ۔
جب یہ حضرات مشرف بہ اسلام ہو کر سرورِ عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ سے رخصت ہوئے،توآپ نے حضرت مصعب بن عمیررضی اللہ تعالی عنہ کو ان کے ساتھ مدینہ منورہ کی طرف روانہ فرمایا کہ اہلِ مدینہ کو دین ِ اسلام کی تعلیم دیں اور قرآن پاک پڑھائیں ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ان کے ہاتھ پر بہت سے لوگ شرفِ اسلام سے مشرف ہوئے۔