(۶) حضرتِ ذربن حبیش رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ ہم حضرتِ صفوان بن عسال مرادی رضی اللہ تعالی عنہ کے پاس آئے تو انہوں نے پوچھا'' کیا تم ملاقات کے لئے آئے ہو؟''ہم نے عرض کی'' ہاں۔ ''ارشادفرمایاکہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرماتے ہیں کہ ''جو اپنے مؤمن بھائی سے ملاقات کرتاہے وہ واپس لوٹنے تک رحمت میں غوطہ زن رہتا ہے اور جو اپنے مؤمن بھائی کی عیادت کرتا ہے، واپس لوٹنے تک رحمت میں غوطے لگاتا رہتا ہے۔''
(طبرانی کبیر، رقم ۷۳۸۹ ،ج ۸ ، ص۶۷)
(۷) حضرتِ ابو رزین عقیلی رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے مجھ سے فرمایا کہ'' اے ابو رزین! مسلمان جب اپنے مسلمان بھائی سے ملاقات کرتاہے تواسے رخصت کرتے ہوئے ستر ہزار فرشتے اس کے لئے استغفار کرتے ہیں اور عرض کرتے ہیں یا اللہ عزوجل ! جیسے اس نے تیرے لئے ملاقات کی تو بھی اسے اپنا وصال عطا فرما۔''
( مجمع الزوائد ، باب الزیارۃ واکرام الزائرین ، رقم ۱۳۵۹۲، ج۸ ، ص۳۱۷)