میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!
کسی اسلامی بھائی پر انفرادی کوشش کی غرض سے کی جانے والی ہماری ملاقات مختلف مقامات پر ہوسکتی ہے مثلاً ہفتہ وار اجتماع میں، اجتماع ِذکرونعت میں ،سالانہ اجتماع میں ، مسجدمیں،بازارمیں، دکان پر، بس اسٹاپ پر ، کسی اسپتال میں، اسکول وکالج میں، کسی مختصر یا طویل سفر کے دوران ،۔۔۔۔۔۔پھر یہ ملاقات اچانک ہو گی یا طے شدہ۔ ۔۔۔۔۔۔ لہذا! موقع کی مناسبت سے ملاقات کا دورانیہ(جو بہت زیادہ طویل نہ ہو) اپنے ذہن میں طے کر لیں اور اس کی بھی تقسیم کر لیں ،مثلاً اتنے منٹ دعوتِ اسلامی کے ماحول کا تعارف کرواتے ہوئے اس کے دل میں دعوتِ اسلامی کی اہمیت اجاگر کروں گا ،اتنے منٹ میں اسے نیکی کی دعوت پیش کروں گا ،اتنے منٹ اسے ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کے لئے آمادہ کرنے کی کوشش کروں گا ، علٰی ھٰذَا الْقِیَاس(یعنی اسی پر قیاس کر لیجئے)۔وقت کی اس تقسیم کا فائدہ یہ ہو گا کہ ہم اپنی مختصر ملاقات میں بھی بھر پور انفرادی کوشش کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ اوراگر ہم نے وقت تقسیم نہ کیا تو ہوسکتا ہے کہ ہماری ملاقات محض حال احوال دریافت کرنے تک محدود رہے اوروہ ہم سے اجازت لے کر رخصت ہوجائے ۔