میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! حج کے بعد مسلمانوں کا سب سے بڑا اجتماع ''دعوت اسلامی کا بین الاقوامی اجتماع ''ہے جو ہر سال مدینۃ الاولیاء ملتان شریف میں ہوتا ہے ۔ ہمارے شیخ طریقت ، امیر اہلِ سنت مدظلہ العالی جب اس اجتماع میں بیان فرماتے ہیں تو سننے والوں کی توجہ کا عالم دیدنی ہوتا ہے ۔ آج لاکھوں کے اجتماع میں بیان کرنے، ذکراللہ عزوجل اور دعا کروانے والے بانی دعوتِ اسلامی مدظلہ العالی اپنے ابتدائی بیان کے بارے میں فرماتے ہیں کہ
'' دعوتِ اسلامی کے بننے سے قبل میں نے اپنی زندگی میں پہلا بیان ''فضول خرچی''کے موضوع پر کیا تھا ۔مجھ سے پہلے جس مقرر نے بیان کیا ،وہ بیان کے دوران گاہے بگاہے نگاہ اٹھا کر سر گھما کر حاضرین کو بھی دیکھتے تھے ۔ جب میں بیان کے لئے کھڑا ہوا تو نگاہیں نیچی کئے بیان شروع کردیا ۔دوران ِ بیان میں نے سوچا کہ مجھ سے پہلے بیان کرنے والے نگاہ اٹھا کر حاضرین کو بھی دیکھتے تھے ، کیوں نہ میں بھی اسی طرح کروں ۔ لیکن جب میں نے نگاہ اٹھائی تو نفسیاتی طور پر شدید گھبراہٹ طاری ہوگئی اور اس وقت میرے دل کی جو حالت تھی وہ میں ہی جانتا ہوں اور مجھے کیا یاد رہا اور کیا نہیں؟یہ میں ہی جانتا ہوں ۔''