ہمارے علم میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا ۔ چونکہ یہ کتاب درسِ نظامی کے امتحانات کی تیاری کے موضوع پر لکھی گئی ہے لہذا آنے والی سطور میں اسی شعبہ سے متعلق گفتگو کی جائے گی ۔
الحمدللہ ل ! اہل سنت وجماعت کے کثیر جامعات اور دارالعلوم 'پاکستان بھر میں علمِ دین کے فروغ میں شب و روز مصروف عمل ہیں جن میں تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام چلنے والے جامعات بنام'' جامعۃ المدینہ '' بھی شامل ہیں جن میں ہزاروں طلباء اس مدنی مقصد کے پیشِ نظر تحصیل ِ علم دین میں مشغول ہیں کہ ''مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے ۔ ان شاء اللہ عزوجل ''
شعبہ درسِ نظامی میں عموماًآٹھ سالہ نصابِ تعلیم کے تحت پڑھایا جاتا ہے اور ہر سال کے اختتام پر سالانہ امتحانات کا سلسلہ ہوتا ہے جبکہ سہ ماہی اور ششماہی امتحانات اس کے علاوہ ہیں ۔ دیکھا گیا ہے کہ جیسے جیسے امتحانات کے دن قریب آتے ہیں طلبا ء کی اکثریت لاشعوری طور پر امتحانات کے خوف کی وجہ سے بے چینی اور اضطراب کا شکار ہوتی چلی جاتی ہے اور ان کے دل ودماغ میں ایک ہی سوال گردش کر رہا ہوتا ہے کہ ''ہم امتحان کی تیاری کیسے کریں ؟''
یہ تحریر اُن کے اِسی سوال کا جواب مہیا کرے گی اور ان کی بے چینی کو دور کرنے میں مدد گار ثابت ہو گی،ان شاء اللہ عزوجل ۔ تمام طلباء اسلامی بھائیوں کی خدمت میں مدنی التجاء ہے کہ اس رسالے کا بغور مطالعہ کریں اور اس میں کی گئی گزارشات پر عمل کر کے امتحانات میں اپنی کامیابی کو بفضلہ تعالیٰ یقینی بنائیں ۔ اللہ تعالیٰ ہمارا حامی وناصر ہو۔ آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالی علیہ وسلم