میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!
اس سلسلے میں سب سے پہلے اپنے دل پر غور کر لیا جائے کہ کہیں آپ اس لئے تو پوزیشن(Position) نہیں لینا چاہتے کہ اپنے مد مقابل طالب علم کو نیچا دکھا سکیں یا سب پر اپنی برتری ظاہر کر سکیں یا آپ کو شہرت حاصل ہوجائے ؟اگر خدانخواستہ جواب ہاں میں ملے تو محنت ترک کرنے کی بجائے فوراً اپنی نیت کو درست کر لیں مثلاًرضائے الٰہی کوپیش نظر رکھتے ہوئے یوں نیت کریں کہ ''میرے استاذ محترم یا والدین یا پیرومرشد کا دل خوش ہوجائے گااور وہ مجھے دعائیں دیں گے، ''کیونکہ اُخروی فائدے کے حصول کے لئے مذکورہ ہستیوں کا دل خوش کرنے کے لئے کوئی کام کرنا اخلاص کے منافی نہیں جیسا کہ حدیث ِمبارکہ میں ہے ، ''جس نے میرے بعد کسی مسلمان کا دل خوش کیا اس نے مجھے میری قبرِ انور میں خوش کیا اور جس نے مجھے خوش کیا ،اللہ تعالیٰ اسے قیامت کے دن خوشی عطا فرمائے گا ۔''واللہ اعلم بالصواب
(کنزالعمال ،کتاب الزکوۃ ،ج۶،ص۱۸۴،رقم الحدیث:۱۶۴۰۹ مطبوعۃ دارالکتب العلمیۃ بیروت)
نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء اسلامی بھائیوں کو چاہے تمام پرچوں پر یکساں توجہ دیں کہ ہر مضمون میں اچھے نمبر لے کر ہی وہ اس دوڑ میں شامل ہوسکتے ہیں ۔ اگر کوئی پرچہ کمزور رہ جائے تو ہمت نہ ہاریں کہ عین ممکن ہے کہ آپ کے مدمقابل کا بھی کوئی پرچہ کمزور رہ گیا ہواور آپ ابھی تک اس دوڑ سے خارج نہ ہوئے ہوں ۔