| امامِ اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کی وصیتیں |
(72)۔۔۔۔۔۔ خواہشاتِ نفسانیہ کی پیروی کرنے والوں کے پاس نہ بیٹھنا، ہاں! دین اور صراطِ مستقیم کی دعوت دینے کی خاطران کے ساتھ بیٹھنے میں حرج نہیں۔ (73) ۔۔۔۔۔۔گالم گلوچ اورکسی پرلعنت بھیجنے سے اجتناب کرنا۔
مسجدجانے میں جلدی کرنا:
(74) ۔۔۔۔۔۔جب مؤذن اذان دے تواس کے بعد جلدی مسجد میں حاضری کی کوشش کرنا،تاکہ عام لوگ تجھ پر سبقت نہ لے جائیں ۔ (75)۔۔۔۔۔۔ بادشاہ کے پڑو س میں گھر نہ بنانا۔ (76)۔۔۔۔۔۔اگر تو اپنے پڑوسی میں کوئی عیب دیکھے تواس کی پردہ پوشی کرکہ یہ تیرے پاس امانت ہے اور لوگو ں کے راز ظاہرکرنے سے بچ۔
مشورہ دینے کے آداب:
(77)۔۔۔۔۔۔ جب کوئی شخص تم سے مشورہ طلب کرے تو اسے اس بات کامشورہ دو جس کے متعلق تمہیں علم ہوکہ یہ تمہیں اللہ عَزَّوَجَلَّ کے قریب کردے گی۔ اور میری اس نصیحت کو قبول کرلو، اِنْ شَاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ دنیا وآخرت میں نفع پاؤ گے ۔ (78)۔۔۔۔۔۔اور بخل سے بچ کہ اس سے انسان ناپسندیدہ ورُسوا ہو جاتا ہے۔