حضرت سیدنا فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ نے ایک دن رسولِ اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو جمع کیا اور انہیں کہا،''اپنی اپنی آرزو بیان کیجئے۔''ایک صحابی رضی اللہ عنہ نے کہا میری آرزو ہے کہ'' میرے پاس ایک لشکر ہو جسے لیکر میں دشمنانِ اسلام سے جہاد کروں۔'' دوسرے صحابی رضی اللہ عنہ نے کہا ،''میری آرزو یہ ہے کہ میرے پاس بہت سا مال ہو جسے میں راہ ِ خدا عزوجل میں خرچ کردوں۔''حضرت سیدنا امیر المؤمنین عمر فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا ،''میری آرزو یہ ہے کہ میرے پاس سعید بن عامر (رضی اللہ عنہ ) جیسا کو ئی نگراں ہو جسے میں مسلمانوں کے امور کا والی بنادوں۔'' یہ کہنے کے بعد آپ اتنا روئے کہ بات کر نا مشکل ہو گئی ۔ آپ کے زبان سے بار بار یہی دعانکل رہی تھی ،رَحِمَہُ اللہُ۔۔۔۔۔۔رَحِمَہُ اللہُ۔۔۔۔۔۔رَحِمَہُ اللہُ یعنی اللہ تعالیٰ ان پر رحم فرمائے۔۔۔۔۔۔ اللہ تعالیٰ ان پر رحم فرمائے ۔۔۔۔۔۔ اللہ تعالیٰ ان پر رحم فرمائے ۔