(۱۶۴)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سرکار مدینہ ، سلطانِ باقرینہ صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا،'' جو بھوکے کو کھانا کھلائے اللہ تعالیٰ اسے سایۂ عرش تلے جگہ عطا فرمائے گا۔''
(۱۶۵)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی اکرم صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا،'' اللہ تعالیٰ بھوکے شخص کا دل ٹھنڈا کرنے والے (یعنی اسے کھانا کھلانے والے)سے محبت فرماتاہے ۔''
(۱۶۶)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم، نورمجسم،شاہ بنی آدم صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا،'' جو اپنے اسلامی بھائی کو میٹھا لقمہ کھلائے ،اللہ تعالیٰ اس سے قیامت کے دن کی ترشی وتلخی دور فرمادے گا۔''
(۱۶۷)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ مالکِ جنت ، قاسمِ نعمت صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا،'' بے شک جنت میں ایک گھر ہے جس کے اندر سے اسکا باہر اورباہر سے اس کا اندرونی حصہ نظر آتاہے ۔'' صحابہ کرام علیہم الرضوان عرض گزار ہوئے،'' یارسول اللہ صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم !یہ کس کے لیے ہے؟'' سرکارمدینہ صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا،'' یہ اس کیلئے ہے جو اچھی گفتگو کرے ، کھاناکھلائے، اوررات کو جب لوگ سوجائیں تو یہ اللہ عزوجل کی بارگاہ میں قیام کرے۔''
(۱۶۸)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ سید العالمین صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم سے عرض کی گئی،'' حج کی(مانند) کونسی نیکی ہے ؟ ''ارشاد فرمایا،''کھانا کھلانااورنرم لہجے میں گفتگو کرنا۔''