(۱۱۴)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ روایت فرماتے ہیں کہ رسول ِ اکرم صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا،'' دنیا میں اچھے کام کرنے والے آخرت میں بھی اچھے ہیں اوردنیا میں برے کام کرنے والے آخرت میں بھی برے ہیں۔''
(۱۱۵)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول ِ اکرم صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا،'' تمہیں معلوم ہے شیر چنگھاڑتے وقت کیا کہتاہے؟'' صحابہ کرام علیہم الرضوان نے عرض کی ،''اللہ اوراسکا رسول عزوجل و صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم بہتر جانتے ہیں۔'' حضوراکرم صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا،''شیر کہتاہے ''اے اللہ عزوجل !مجھے کسی اچھے کام کرنے والے پر مسلط نہ فرمانا۔''
(۱۱۶)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا جابر رضی اللہ عنہ روایت فرماتے ہیں کہ حضورسرورِکونین صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشادفرمایا کہ ''صدقہ اگرچہ ستر ہزار ہاتھوں میں سے گزرے تو بھی آخری شخص کا اجر پہلے صدقہ کرنے والے کی طرح ہوگا۔''
(۱۱۷)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول ِ اکرم صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا،'' ہروہ دن جس میں سورج طلوع ہوتاہے بندے پر ہر جوڑ کے بدلے صدقہ ہے،اگرتم دوبندوں کے درمیان انصاف سے فیصلہ کرو تو یہ صدقہ ہے،اگر تم کسی کی سواری پر سوار ہونے میں مدد کرو تو یہ بھی صدقہ ہے ، اگر کسی کا سامان سواری پر لدوادو تو یہ بھی صدقہ ہے ، اچھی بات کرنا بھی صدقہ ہے ، ہر قدم جو نماز کی طرف اٹھے صدقہ ہے ،راستے سے تکلیف دینے والی چیزدورکرنا بھی صدقہ ہے۔''