حسنِ اخلاق |
(۸۵)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضورسرورِکونین صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم کا فرمان ِرغبت نشان ہے ، ''جس نے کسی مومن سے تکلیف ومصیبت کو دور کیا، اللہ تبارک وتعالیٰ اسکے لیے پُل صراط پر نورکے دو ایسے شعلے بنائے گا جس سے اتنا عالم چمکے گا کہ مخلوق اس کی چمک کی تاب نہ لاسکے گی۔''
(الترغیب والترہیب ، الترغیب فی التسیر علی المعسر ، ج۲، رقم ۱۰، ص۲۲)
(۸۶)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ اللہ کے حبیب ، بیمار دلوں کے طبیب صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا،'' جو کوئی مسلمان کی دنیوی مصیبت کو دور کریگا اللہ تعالیٰ قیامت میں اسکی مصیبت کو دور کریگا ، جو مسلمان کے عیب چھپائے گا اللہ تعالیٰ اسکے دنیا وآخر ت کے عیوب چھپائے گا ، اللہ بندے کی مدد کرتارہتاہے جب تک وہ اپنے بھائی کی مدد کرتاہے۔''
(صحیح مسلم کتاب الذکر والدعاء ،باب فضل الاجتماع علی تلاوۃ القرآن وعلی الذکر ،رقم ۲۶۹۹، ص۱۴۴۷)
(۸۷)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ سرکارِ مدینہ سلطان مکۃ المکرمہ صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا ،''مخلوق اللہ تعالیٰ کی عیال ہے اوراللہ کو اپنی مخلوق میں سے زیادہ محبوب وہی ہے جو اسکے عیال کیلئے زیادہ سود مندہے۔''
(کنزالعمال ، کتاب الزکوٰۃ ، باب فی السخاء والصدق ،ج۶، رقم ۱۶۰۵۲، ص۱۵۴)
(۸۸)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول ِ اکرم صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا، ''جس نے مسلمان بھائی کی حاجت روائی کی وہ ایسا ہے جیسے اُس نے ساری عمر اللہ عزوجل کی عبادت کی ۔''
(کنزالعمال ، کتاب الزکوٰۃ ، باب قضاء الحوائج من الاکمال ،ج۶، رقم ۱۶۴۵۳، ص۱۸۹)