Brailvi Books

حسنِ اخلاق
29 - 74
 (۶۹)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضورسرورِکونین صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا ، ''تم میں سے کوئی شخص کامل مومن نہیں ہوسکتا یہاں تک کہ وہ اپنے دوسرے مسلمان بھائی کیلئے بھی وہی پسند کرے جو وہ اپنے لیے پسند کرتا ہے۔''
 (مسلم ، کتاب الایمان ، باب الدلیل علی ان من خصال الایمان ان یحب لاخیہ ، رقم ۴۵، ص۴۲)
 (۷۰)۔۔۔۔۔۔ حضر تِ سیدنامعاذ رضی اللہ عنہ نے  نبي اکرم صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم سے افضل ایمان کے متعلق سوال کیا توحضورسرکارِ مدینہ صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا،'' افضل ایمان یہ ہے کہ تو اللہ کی خاطر محبت رکھے اوراُسی کی خاطر غصہ کرے اورتیری زبان اللہ کے ذکر میں لگی رہے۔''پھر انہوں نے پوچھا ''یا رسول اللہ صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم !پھر اس کے بعد ؟ ''تو رسول ِ اکرم صَلَّی اللہ تَعَالیٰ علیہ وَالہٖ وَسلَّم نے ارشاد فرمایا،''لوگوں کیلئے بھی وہی پسند کرو جو اپنے لیے کرتے ہو اورجو اپنے لیے ناپسند کرتے ہواسے دوسروں کے لیے بھی نا پسند کرو، جب تم بولوتو اچھی بات کرو یا خاموش رہو۔''
 (مسند احمد بن حنبل ،حدیث معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ ج۸،رقم ۲۲۱۹۳،ص۲۶۶)
دل کی پاکیزگی اورمسلمانوں کے کینہ سے بچنے کی فضیلت
 (۷۱)۔۔۔۔۔۔ حضرت سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ  نبي اکرم علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ارشاد فرمایا،'' میری امت کے ابدال جنت میں(محض) اپنے اعمال کی بنا پر داخل نہ ہونگے بلکہ وہ اللہ تعالیٰ کی رحمت ، نفس کی سخاوت ، دل کی پاکیزگی اورتمام مسلمانوں پر رحیم ہونے کی وجہ سے جنت میں داخل ہونگے۔''
(کنز العمال ، کتاب الفضائل ، باب لحو ق فی القطب والابدال ، ج۱۲، رقم ۳۴۵۹۶، ص۸۵)
Flag Counter