Brailvi Books

حکایتیں اور نصیحتیں
514 - 649
    تو اے غمزدہ! کیا حضور سیِّدُ المرسلین، جنابِ رحمۃٌللعالمین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کے وصال کے بعد بھی اس دنیامیں ہمیشہ رہنے کی طمع کرتا ہے؟ کیا تیرے لئے ان لوگوں میں عبرت نہیں جنہیں گذشتہ سالوں میں مہینوں اور زمانوں نے ختم کردیا؟کیا تیرے لئے ان لوگوں میں کوئی غوروفکر نہیں جنہیں تجھ سے پہلے موت نے پچھاڑ دیا۔ ان میں سے کوئی بوڑھا تھا تو کوئی ادھیڑعمر، کوئی نوجوان تھا تو کوئی بچہ جبکہ کوئی توپیدا ہوتے ہی راہِ آخرت پرچل پڑا۔ کیا تونے ان سے عبرت نہ پکڑی جن کوتونے قبروں میں دفن کیا جیسے دوست، احباب، بھائی اور ہمسائے وغیرہ۔ تو کب تک محض دنیوی تعلقات کی طرف متوجہ رہے گا؟ گویا تجھے موت کا یقین نہیں۔کیا موت کے متعلق تجھے مہلت نے دھوکے میں ڈالایا زمانے (کے حالات)نے تجھ سے دھوکا کیا۔ 

    تجھے اللہ عَزَّوَجَلَّ کی قسم!میری نصیحت قبول کر اس سے پہلے کہ تیری پیشانی عرق آلود ہو،تجھ پر حالتِ نزع اور غم کی کیفیت طاری ہو اور مسلسل آنسوبہائے جانے لگیں اورتجھے اندھیری قبر میں ڈال دیاجائے جس میں روشنی بالکل ظاہر نہ ہوگی۔ اس میں تو ہرجان اپنی کمائی کے بدلے گروی رکھی ہوئی ہو گی۔ کیاتونے اللہ عَزَّوَجَلَّ کی واضح آیاتِ مبارکہ نہ سنیں:
 (3) لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیۡ رَسُوۡلِ اللہِ اُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ
ترجمۂ کنزالایمان:بے شک تمہیں رسول اللہ کی پیروی بہتر ہے۔(۱)(پ21 ،الا حزاب:21)

     کیاتجھے اس فرمانِ الٰہی عَزَّوَجَلَّ نے نہ ڈرایا؟
(4) کُلُّ مَنْ عَلَیۡہَا فَانٍ ﴿ۚۖ26﴾
ترجمۂ کنزالایمان:زمین پرجتنے ہیں سب کوفناہے۔ (پ27،الرحمٰن:26)

    کیازمانے نے تجھے نصیحت نہ کی اور یہ خدائی فیصلہ نہ سنایا؟
(5) کُلُّ نَفْسٍ ذَآئِقَۃُ الْمَوْتِ ؕ
ترجمۂ کنزالایمان:ہرجان کوموت چکھنی ہے۔(پ4،ال عمران:185)

    جب مقامِ محمودپرفائزہونے والی ہستی صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم بھی وصال فرماگئی، جوحوضِ کوثر اورلِوَاءُ الْحَمْدکے مالک ہیں اورجن کے لئے بروزِ قیامت شفاعت کاوعدہ ہے۔ توتُو کیا اور تیری حالت کیسی؟ اے ٹھکرائے اوردھتکارے ہوئے انسان! تیرا سارا نامۂ اعمال گناہوں سے سیاہ ہے، تیرے اعمال کو ٹھکرا دیا گیاہے۔ اے فانی زمانے سے دھوکا کھانے والے اور بے قصوروں پر مظالم ڈھانے والے! خداعَزَّوَجَلَّ کی قسم! ظلم بہت برا ہے۔ اے لوگو ں کو اپنے ظلم سے ڈرانے والے!کل بروزِ قیامت اللہ عَزَّوَجَلَّ کی بارگاہ میں سب مظلوم(بدلہ لینے کے لئے ) جمع ہوں گے۔
1۔۔۔۔۔۔مفسر شہیر، خلیفۂ اعلیٰ حضرت، صدرالافاضل سید محمد نعیم الدین مراد آبادی علیہ رحمۃ اللہ الہادی تفسیر خزائن العرفان میں اس آیۂ مبارکہ کے تحت فرماتے ہیں: ''ان کا اچھی طرح اتباع کرو اور دینِ الٰہی کی مدد کرو اور ر سول کریم صلَّی اللہ علیہ وآلہ وسلَّم کاساتھ نہ چھوڑو اور مصائب پر صبر کرو اور رسول کریم صلَّی اللہ علیہ وآلہ وسلَّم کی سنتوں پر چلو یہ بہتر ہے۔''
Flag Counter