| حکایتیں اور نصیحتیں |
حضرت سیِّدُنا ابو عبد اللہ منتاب علیہ رحمۃاللہ التواب فرماتے ہیں:''حضرت سیِّدُنا امام مالک بن انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو ایک لاکھ (1,00,000)احادیث یاد تھیں۔''
(شرح الزرقانی علٰی موطأالامام مالک ،ج۱،ص۳۵)
حضرت سیِّدُنا لیث بن سعد علیہ رحمۃاللہ الاحد فرماتے ہیں:''اللہ عَزَّوَجَلَّ کی قسم!مجھے روئے زمین پرسب سے زیادہ محبت حضرت امام مالک بن انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ہے۔''آپ ر حمۃ اللہ تعالیٰ علیہ یہ دُعا فرمایاکرتے: ''یااللہ عَزَّوَجَلَّ !میری عمر بھی امام مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو لگادے ۔''
حضرت سیِّدُنا امام اوزاعی رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ حضرت سیِّدُنا امام مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بہت تعظیم کیا کرتے اور آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بات کرتے تو عظیم القابات سے یاد فرماتے ہوئے یوں گویاہوتے: ''عالم العلماء نے یوں کہا، عالمِ مدینہ نے یہ فرمایا اور مفتئ حرمین کا فرمان یہ ہے۔''(سیر اعلام النبلاء، الرقم۱۱۸0، مالک الامام،ج۷،ص۴۱۲۔ترتیب المدارک وتقریب المسالک، الفصل الاول فی ترجیحہ من طریق النقل، ج۱، ص۱۹)
حضرت سیِّدُنا مثنی بن سعیدقصیر علیہ رحمۃاللہ القدیر فرماتے ہیں،میں نے حضرت سیِّدُنا امام مالک بن انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو یہ فرماتے سنا :''میں ہر رات سرکارِ ابدقرار صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا دیدار کرتا ہوں۔''
(حلیۃ الاولیاء،مالک بن انس،الحدیث ۸۸۵۵،ج۶،ص۳۴۶)
جہنم سے نجات کی بشارت :
حضرت سیِّدُنا ابن قاسم رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ ہم حضرت سیِّدُنا امام مالک بن انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مرضِ وصال میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خدمت میں حاضر تھے۔ حضرت سیِّدُناابنِ دراوردی حاضر ہوئے اور عر ض کی :''اے ابو عبداللہ ! گذشتہ رات میں نے ایک خواب دیکھا ہے، کیا آپ سننا پسند فرمائیں گے؟ ''آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ارشاد فرمایا:''سنائیے ۔'' تو انہوں نے خواب بیان کرتے ہوئے کہا:''میں نے سفید لباس میں ملبوس ایک آدمی دیکھا جو آسمان سے اُترا۔اس کے ہاتھ میں ایک ایسا رجسٹر تھا جو زمین وآسمان کے درمیان پھیلا ہوا تھا۔اس نے تین مرتبہ کہا:
''ھٰذَا بَرَاءَ ۃٌ لِمَالِکٍ مِّنَ النَّارِ
یعنی یہ حضرت سیِّدُنا امام مالک بن انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے لئے دوزخ سے براءَ ت نامہ ہے۔'' ابھی یہ گفتگو چل ہی رہی تھی کہ خلیفہ کا قاصد حاضر ہوکرعرض گزار ہوا: ''اے ابو عبداللہ !مسجد ِ نبوی شریف
زَادَھَا اللہُ شَرَفاً وَّتَعًظِیْمًا
کے مؤذن نے گذشتہ رات ایک خواب دیکھا ہے جو میں نے اس سے سناہے۔ چنانچہ ، اس نے بھی پہلے خواب کی مثل خواب سنایا۔'' اس پرحضرت سیِّدُنا امام مالک بن انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ارشاد فرمایا:''اللہ عَزَّوَجَلَّ ہی حقیقی مدد گار ہے، وہ جو چاہتا ہے کرتا ہے ۔''