| حکایتیں اور نصیحتیں |
اللہ عَزَّوَجَلَّ نے عقل والوں پر پردے ڈال دئیے کہ وہ اس کا احاطہ کر سکیں تو وہ حیران وپریشان ہیں، اور انہیں اپنی توحید کی نشانیاں دکھائیں توانہوں نے نہ مخالفت کی اور نہ ہی مثل ہونے کا دعوی کیا اور اللہ عَزَّوَجَلَّ نے اپنی بزرگی وعظمت کا ذکر ان کے دلوں میں ڈالا تو وہ اس کی یاد میں مست ہو گئے اور کہنے لگے:'' اللہ عَزَّوَجَلَّ کے سوا کسی کی بندگی نہیں اور اللہ ہی پر ایمان والے بھروسہ کریں۔'' اس نے اپنے اولیاء کرام رحمہم اللہ تعالیٰ پر فضل وکرم کرتے ہوئے انہیں بڑی بڑی نعمتیں عطا فرمائیں،اور اپنے دشمنوں کے لئے درد ناک عذاب تیار کیا۔ اور اپنا ادراک کرنے سے لوگوں کی آنکھوں پر پردے ڈال دئیے لہٰذا وہ کسی کے متعلق اس کے مثل یا مشابہ ہونے کا وہم تک نہیں کرتے۔ چنانچہ،
اللہ عَزَّوَجَلَّ اپنی بے مثل و بے مثال شان یوں بیان فرماتاہے:(1) سُبْحٰنَہٗ وَ تَعٰلٰی عَمَّا یُشْرِکُوۡنَ ﴿18﴾
ترجمۂ کنز الایمان:اسے پاکی اور برتری ہے ان کے شرک سے۔ (پ11،یونس:18)
(2) لَیۡسَ کَمِثْلِہٖ شَیۡءٌ ۚ
ترجمۂ کنز الایمان:اس جیسا کوئی نہیں۔(پ25،الشورٰی:11)
اللہ عَزَّوَجَلَّ کی پھیلی ہوئی فضیلت سے بلند شئے کوئی نہیں ، اور اس کی راہ پر چلنے والے کو کوئی گمراہی نہیں آ سکتی۔ اسی کا فرمانِ حقیقت نشان ہے:(3) یُخْرِجُ الْحَیَّ مِنَ الْمَیِّتِ وَ یُخْرِجُ الْمَیِّتَ مِنَ الْحَیِّ وَ یُحْیِ الْاَرْضَ بَعْدَ مَوْتِہَا ؕ وَکَذٰلِکَ تُخْرَجُوۡنَ ﴿٪19﴾
ترجمۂ کنز الایمان:وہ زندہ کو نکالتا ہے مردے سے اورمردے کو نکالتا ہے زندہ سے اور زمین کو جِلاتا(یعنی زندہ کرتا)ہے اس کے مرے پیچھے اور یونہی تم نکالے جاؤگے۔ (پ21،الروم:19)
میں اللہ عَزَّوَجَلَّ کی ایسی حمد وثناء کرتا ہوں جس کے ذریعے مقرَّبین اس کے مزید قرب کی لذَّت حاصل کرتے ہیں، اور میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، وہ یکتا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، یہ ایسی گواہی ہے جو گواہی دینے والے کو اس روز نفع بخشے گی جس دن مال نفع دے گا نہ اولاد،اور میں گواہی دیتا ہوں کہ حضرتِ سیِّدُنا محمد ِصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلَّم اللہ عَزَّوَجَلَّ کے بندے اوررسول ہیں ،جو عربی نبی ہیں اور امین و مامون ہیں۔اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلَّم ، پر،آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلَّم کی آل وا صحاب علیہم الرضوان ، ازواجِ مطہرات رضی اللہ تعالیٰ عنہن اجمعین اور پاک اولاد پردرود وسلام بھیجے جنہوں نے حق کے مطابق فیصلے کئے اور جو حق کے ساتھ عدل وانصاف کرتے ہیں ۔
اللہ عَزَّوَجَلَّ قیامت کا ہولناک منظر بیان کر تے ہوئے ارشاد فرماتا ہے: