| حکایتیں اور نصیحتیں |
(2)یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللہَ حَقَّ تُقٰتِہٖ وَلَا تَمُوۡتُنَّ اِلَّا وَاَنۡتُمۡ مُّسْلِمُوۡنَ ﴿۱۰۲﴾
ترجمۂ کنزالایمان: اے ایمان والو!اللہ سے ڈرو جیسا اُ س سے ڈرنے کا حق ہے اور ہر گز نہ مرنا مگر مسلمان۔ (پ4،اٰل عمران :102)
پھر ارشاد فرمایا:''اگر زقوم( جہنم کے ایک کانٹے دارزہریلے درخت کے پھل) کا ایک قطرہ دُنیا میں انڈیل دیا جائے تو ساری دنیا کو تباہ وبرباد کردے اور اہلِ زمین پر ان کی زندگی اجیرن کردے تو ان کی حالت کیسی ہوگی جن کا کھانا ہی یہ ہو گا ۔''(جامع التر مذی ،ابواب صفۃ جھنم ، باب ماجاء فی صفۃ شراب اھل النار ، الحدیث ۲۵۸۵ ، ص ۱۹۱۲)
جہنم میں کافر کی حالت :
حضرتِ سیِّدُناابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہمافرماتے ہیں کہ سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار بِاذنِ پروردگارعَزَّوَجَلَّ وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا ارشادِ حقیقت بنیاد ہے:''کافرکی کھال کی موٹائی بہتّر (72) گز ہو گی، اس کی داڑھ اُحد پہاڑ جتنی ہو گی اور جہنم میں اس کے بیٹھنے کی جگہ مکہ و مدینہ کے درمیانی فاصلے جتنی ہوگی ۔''
(جامع التر مذی ،ابواب صفۃ جھنم ، باب ماجاء فی۔۔۔۔۔۔ اھل النار، الحدیث ۲۵۷۷ ، ص ۱۹۱۱)
اللہ عزَّوَجَلَّ ہم سب کوجہنم کی آگ اور اس میں کفار وفجار کے ٹھکانے سے بچائے۔ کاش! تو جہنمیوں کو اور ان کے کھولتے پانی کو دیکھ لیتاتو ضروراس سے بہت زیادہ پناہ طلب کرتا۔ جب بھی ان کی بھوک سخت ہوگی تو ان کے لئے آگ کے کانٹوں کے سوا کوئی کھانا نہ ہوگا۔ اے گنہگارو! کیا تم جہنم کی آگ برداشت کرسکو گے؟ ہر گز نہیں بلکہ وہ تو بھڑکتی آگ ہے کہ لوگ جس کی طرف ہرسمت سے ہانکے جائیں گے۔
(3) اِذَا رَاَتْہُمۡ مِّنۡ مَّکَانٍۭ بَعِیۡدٍ سَمِعُوۡا لَہَا تَغَیُّظًا وَّ زَفِیۡرًا ﴿12﴾وَ اِذَاۤ اُلْقُوۡا مِنْہَا مَکَانًا ضَیِّقًا مُّقَرَّنِیۡنَ دَعَوْا ہُنَالِکَ ثُبُوۡرًا ﴿ؕ13﴾لَا تَدْعُوا الْیَوْمَ ثُبُوۡرًا وَّاحِدًا وَّ ادْعُوۡا ثُبُوۡرًا کَثِیۡرًا ﴿14﴾
ترجمۂ کنزالایمان: جب وہ انہیں دور جگہ سے دیکھے گی تو سنیں گے اس کا جوش مارنا اور چنگھاڑنا، اور جب اس کی کسی تنگ جگہ میں ڈالے جائیں گے زنجیروں میں جکڑے ہوئے تو وہاں موت مانگیں گے۔ فرمایا جائے گا: آج ایک موت نہ مانگو اور بہت سی موتیں مانگو۔(۱)(پ18،الفرقان:12تا14)
1۔۔۔۔۔۔مفسِّرِ شہیر، خلیفۂ اعلیٰ حضرت، صدرُالافاضل سیِّد محمد نعیم الدین مراد آبادی علیہ رحمۃ اللہ الہادی تفسیر خزائن العرفان میں اس آیتِ مبارکہ کے تحت فرماتے ہیں: ''(وہ جہنم کو )ایک برس کی راہ سے یا سوبرس کی راہ سے(دیکھیں گے ) دونوں قول ہیں اور آگ کادیکھنا کچھ بعید نہیں ۔اللہ تعالیٰ تو اس کو حیات وعقل اور رؤیت عطا فرمائے اور بعض مفسرین نے کہا کہ مراد ملائکۂ جہنم کا دیکھنا ہے۔(اس طرح جکڑے ہوں گے کہ )اُن کے ہاتھ گردنوں سے ملا کرباندھ دیئے گئے ہوں یا اس طرح کہ ہرہر کافر اپنے اپنے شیطان کے ساتھ زنجیروں میں جکڑا ہوا ہو اور واثبور اہ واثبوراہ کا شور مچائیں گے بایں معنٰی کہ ہائے اے موت آ جا۔ حدیث شریف میں ہے کہ پہلے جس شخص کو آتشی(یعنی آگ کا) لباس پہنایا جائے گا وہ ابلیس ہے اور اس کی ذرِّیَّت اس کے پیچھے ہوگی اور یہ سب موت موت پکارتے ہوں گے۔''