Brailvi Books

حکایتیں اور نصیحتیں
152 - 649
جہنم تاریک رات کی طرح سیاہ ہے:
    حضرتِ سیِّدُنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضورنبئ پاک، صاحبِ لَوْلاک، سیّاحِ اَفلاک صلَّی  اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عبرت نشان ہے:''اللہ عَزَّوَجَلَّ نے حضرتِ جبرائیل (علیہ السلام) کوبلاکر جنت کی طرف بھیجااور ارشاد فرمایا کہ جنت اور اہلِ جنت کے لئے میری تیار کردہ نعمتیں دیکھ۔جب حضرتِ جبرائیل(علیہ السلام)نے دیکھا توواپس آکر عرض کی: ''مجھے تیری عزت وجلال کی قسم! جو کوئی اس کے متعلق سنے گاضرور اس میں داخل ہونے کی کوشش کریگا۔''تو اسے نفس پر گراں گزرنے والی باتوں سے ڈھانپ دیا گیا۔ پھر ارشاد فرمایا:''دوبارہ جاؤ ۔''توحضرتِ جبرائیل(علیہ السلام)نے واپس آکرعرض کی :''تیری عزت وجلال کی قسم! مجھے ڈر ہے کہ اب کوئی بھی اس میں داخل نہ ہوسکے گا۔''پھر حضرتِ جبرائیل (علیہ السلام) کو جہنم کی طرف بھیج کر ارشاد فرمایا: ''دوزخ اور اہل دوزخ کے لئے میرا تیار کردہ عذاب دیکھ۔''جب حضرتِ جبرائیل(علیہ السلام) نے دیکھا تو عرض کی: ''مجھے تیری عزت و جلال کی قسم! کوئی شخص اس میں داخل نہ ہوسکے گا ۔''تو اُسے نفسانی خواہشات سے گھیردیا گیا۔پھر ارشاد فرمایا: ''دوبارہ جا کر دیکھ۔'' وہ دوبارہ گئے اورلوٹ کر عرض کی: '' تیری عزت و جلال کی قسم! مجھے خوف ہے کہ سبھی اس میں داخل ہو جائیں گے ۔
(جامع التر مذی ،ابواب صفۃ الجنۃ ، باب ماجاء حفت الجنۃ بالمکارہ۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث ۲۵۶0 ، ص ۱۹0۹)
     پھر جہنم کو ہزار سال جلایا گیا یہاں تک کہ سفید ہو گئی،پھر ہزار سا ل جلایا گیا تو سرخ ہو گئی، پھر ہزار سا ل جلایا گیا حتی کہ سیاہ ہو گئی ،اب یہ تاریک رات کی طرح سیاہ ہے۔''
(سنن ابن ماجۃ،ابواب الزھد، باب صفہ النار، الحدیث۴۳۲0، ص۲۷۴0)
جہنم کی آگ دُنیاکی آگ سے ستر گناتیزہے :
    حضرتِ سیِّدُنا ابنِ مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے، حضور نبئ مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسولِ اَکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عبرت نشا ن ہے:'' دُنیاکی آگ جہنم کی آگ سے ستر درجے کم ہے اوراگر اس کودومرتبہ سمندر میں نہ ڈالا گیا ہوتا تو تم اس سے کچھ بھی نفع نہ اُٹھا سکتے۔ـــ''
(سنن ابن ماجۃ، ابواب الزھد، باب صفۃ النار، الحدیث۴۳۱۸، ص۲۷۴0، بتغیرٍ قلیلٍ)
جہنم کی ستر ہزار لگامیں ہوں گی:
     حضرتِ سیِّدُنا عبد اللہ بن عمررضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحروبَر صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ غیب نشان ہے: ''قیامت کے دن جہنم کو لایا جائے گا،اس کی ستر ہزار لگامیں ہوں گی، ہر لگام کے ساتھ ستر ہزارفرشتے ہوں گے جو اس کو کھینچ رہے ہوں گے ۔''
 (صحیح مسلم،کتاب الجنۃ، باب جھنم اعا ذنا اللہ منھا، الحدیث۲۸۴۲، ص۱۱۷۱)
Flag Counter