Brailvi Books

حکایتیں اور نصیحتیں
124 - 649
صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کی پیروی کرتے ہوئے (اِسے بوسہ دیتا ہوں)۔'' اور حضرتِ سیِّدُنا حسن بصری رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں:'' مکّۂ مکرَّمہ میں ایک نماز ایک لاکھ نمازوں کے برابر ہے ، ایک روزہ ایک لاکھ روزوں کے برابر ہے اورایک درہم صدقہ کرناایک لاکھ درہم صدقہ کرنے کی طرح ہے۔ اسی طرح ہر نیکی ایک لاکھ نیکیوں کے برابر ہے۔''
 (احیاء علوم الدین ،کتاب اسرارالحج،الباب الاول،الفصل الاول،فضیلۃ البیت ومکۃ المشرفۃ،ج۱،ص۳۲۴۔۳۲۵)
    حدیثِ پاک میں ہے کہ ''اللہ عزَّوَجَلَّ ہر رات اہلِ زمین کی طرف نظرِ رحمت فرماتاہے اور سب سے پہلے اہلِ حرم کی طرف نظرِ رحمت فرماتا ہے اوراہلِ حرم میں بھی سب سے پہلے مسجد ِحرام والوں پر نظرِ رحمت فرماتاہے۔پھر جس کو طواف کرتے ہوئے پاتاہے اسے بخش دیتا ہے اور جسے نماز میں مشغول پاتا ہے اس کی مغفرت فرما دیتا ہے اور جسے کعبہ کی طرف رخ کئے ہوئے پاتا ہے اسے بھی معاف فرمادیتا ہے ۔''
 (احیاء علوم الدین ،کتاب اسرارالحج،الباب الاول،الفصل الاول،فضیلۃ البیت ومکۃ المشرفۃ،ج۱،ص۳۲۵)
    حضرتِ سیِّدُنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے مروی ہے کہ حضور سیِّدُ الْمُبَلِّغِیْن،جنابِ رَحْمَۃٌ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے: ''اس بیت اللہ شریف پر ہر دن ایک سو بیس رحمتیں نازل ہوتی ہیں ۔ ساٹھ طواف کرنے والوں کے لئے ،چالیس نماز پڑھنے والوں کے لئے اور بیس اسے دیکھنے والوں کے لئے ۔''
  (احیاء علوم الدین،کتاب اسرار الحج، الباب الاول،الفصل الاول،فی فضائل الحج ، ج۱، ص۳۲۲۔المعجم الکبیر ،الحدیث۱۱۴۷۵،ج۱۱،ص۱۵۶)
    شہنشاہِ خوش خِصال، پیکر ِ حُسن وجمال، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم ورضی اللہ تعالیٰ عنہاکا فرمانِ حقیقت بیان ہے: '' حَجون اوربقیع کو ان کے اطراف سے پکڑا جائے گا اور جنت میں بکھیر دیا جائے گا اور یہ دونوں مکۂ مکرمہ اور مدینۂ منورہ کے قبرستان ہیں ۔''
(کشف الخفاء، حرف الحاء المھملۃ، الحدیث۱۱۱0، ج۱، ص۳۱۲، الحجر بدلہ الحَجون)
    حضرتِ سیِّدُنا ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختاربِاذنِ پروردْگارعَزَّوَجَلَّ وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّمقبرستان کے کنارے تشریف فرماتھے جبکہ اس وقت وہاں قبرستان نہ تھا، اورارشاد فرمایا: ''اللہ عزَّوَجَلَّ زمین کے اس ٹکڑے اور اس حرم سے سترہزار ایسے افراد اٹھائے گا جن کے چہرے چودھویں کے چاندکی طرح ہوں گے،وہ سب بلا حساب جنت میں داخل ہوں گے،ان میں سے ہر ایک ستر ہزار افراد کی شفاعت کریگا۔''
Flag Counter