گُونگا مبلغ |
اس مجلس کے قیام کا مقصد یہ ہے کہ عمومی اسلامی بھائیوں کے ساتھ ساتھ خصوصی یعنی گونگے، بہرے اور نابینا اسلامی بھائیوں میں بھی نیکی کی دعوت کی دُھومیں مچائی جائیں اور اسلامی معاشرے کا باکردار فرد بننے میں ان کی مدد کی جائے۔یہ وہ لوگ ہیں جن کو عموماًمعاشرہ میں کوئی اَہَمِّیَّت نہیں دیتا ۔علمِ دین نہ ہونے اور نیک صحبت سے دور ہونے کی وجہ سے بعض تو ضروری معلومات تک سے محروم ہوتے ہیں ۔
یہ کون ہیں؟
مجلس خصوصی اسلامی بھائی(دعوتِ اسلامی) کے تحت سفر کرنے والا گونگے بہرے اسلامی بھائی اورعُمومی اسلامی بھائیوں پر مشتمل مَدَنی قافلہ راہِ خدا عزوجل میں سفر کرتا ہواایک علاقے میں پہنچا ۔وہاں مسلمانوں کے گھر میں پیدا ہونے والے ایک گونگے پر اشاروں کی زبان میں انفرادی کوشش کرتے ہوئے جب اُسے نبی کریم، رَءُ وْفٌ رَّحیم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم کی شانِ مبارَکہ کے مُتَعَلِّق بتایا گیا تو وہ چونک کر اشاروں میں پوچھنے لگا:'' یہ کون ہیں؟ '' یعنی وہ گونگا پیارے پیارے نبی حضرتِ محمد مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم سے با لکل بھی متعارف نہ تھا۔بہرحال مبلغِ دعوتِ اسلامی نے اس گونگے بہرے کواشاروں کی زبان میں میٹھے میٹھے آقا صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم کی ذاتِ مبارَکہ کے متعلق بتایا۔