شَیخِ طریقت، امیرِ اَہلسنّت، بانیئ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادِری رَضَوی دامت بَرَکاتُہُمُ العالیہ کی دینی خدمات کا ایک زمانہ معترف ہے ۔ نیکی کی دعوت کو ساری دنیا میں عام کرنے کے لئے آپ کی کوششیں روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں ۔آپ دامت بَرَکاتُہُمُ العالیہ نے عالم اسلام کے مسلمانوں کو ایک عظیم مَدَنی مقصد پیش کیا کہ ' 'مجھے اپنی اور ساری دُنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے۔اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ ''اس مَدَنی مقصد کے تحت آپ دامت بَرَکاتُہُمُ العالیہ نے ۱۴۰۱ھ،1981 ء میں تبلیغِ قرآن و سنّت کی غیر سیاسی عالمگیر تحریک دعوتِ اسلامی کے مَدَنی کام کا آغاز فرمایا۔آپ دامت برکاتہم العالیہ کی پُر خلوص اورانتھک کوششوں کی بَرَکت سے دیکھتے ہی دیکھتے اس تحریک کا پیغام تادمِ تحریر کم و بیش66ممالک میں جاپہنچااور مختلف شعبہ جات میں 35سے زائد مجالس کا قیام عمل میں آیا۔ جس میں ایک مجلس بنام''مجلس خصوصی اسلامی بھائی'' بھی ہے۔اس مجلس کا قِیام تنظیمی طور پَرتو5نومبر 2003ء میں ہوا مگر اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ گونگے بہرے اسلامی بھائیوں کی اصلاح کی کوشش کیلئے عَمَلی طور پَر امیرِ اَہلسنّت دامت بَرَکاتُہُمُ العالیہ نے بہت پہلے ہی سے کام شروع فرمادیا تھا جیسا کہ ابتداء میں دی گئی '' امیرِ اَہلسنّت دامت بَرَکاتُہُمُ العالیہ کی اِشاروں کی زبان میں اِنْفِرادی کوشش '' والی حکایت سے ظاہر ہے۔