باب المدینہ کراچی کے مقیم اسلامی بھائی نے کچھ اس طرح بتایا کہ عالمی مَدَنی مرکز فیضان مدینہ میں تربیتی نشست میں شریک گونگے بہرے اسلامی بھائیوں میں ایک مبلغ اشاروں کی زبان میں بیان فرمارہے تھے۔ جب انہوں نے درودِ پاک کی فضیلت بتائی کہ'' اللہ عزوجل کی خاطر آپس میں محبت رکھنے والے جب باہم ملیں اور مصافحہ کریں اور نبی (صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم)پر دُرودِ پاک بھیجیں تو ان کے جدا ہونے سے پہلے دونوں کے اگلے پچھلے گناہ بخش دئيے جاتے ہیں ۔
(مسند ابی یعلیٰ، مسند انس بن مالک رضی اللہ عنہ ،الحدیث ۲۹۵۱،ج۳،ص۵۹)
تو ایک گونگے اسلامی بھائی نے بعد ِبیان مبلغ اسلامی بھائی کو اشارے میں درخواست کی کہ مجھے درودِ پاک اور سلام کرنا سکھائیں ۔مبلغ اسلامی بھائی نے ان کی خیرخواہی کرتے ہوئے انہیں مذکورہ چیزیں سکھانا شروع کیں۔ وہ گونگے بہرے اسلامی بھائی پابندی سے نشست میں شرکت فرماتے رہے۔ آخر کار انہوں نے کچھ ہی عرصے میں اشاروں کی زبان میں سلام کرنا اور درودِ پاک پڑھنا سیکھ لیا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ انہوں نے اپنا معمول بنالیا کہ جب بھی کسی سے ملاقات ہوتی ہے تو پہلے سلام کرتے ہیں اور پھرمصافحہ کرکے درودِ پاک ضَرورپڑھتے ہیں ۔