Brailvi Books

غیبت کی تباہ کاریاں
73 - 504
فرمانِ مصطَفےٰ :(صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم)جس نے مجھ پرروزِ جُمُعہ دو سو بار دُرُود پاک پڑھا اُس کے دو سو سال کے گناہ مُعاف ہوں گے۔
غیبت زنا سے نھی زیادہ سخت ترہے
مصطَفٰے جانِ رحمت ،شمعِ بزمِ ہدایت،نَوشَہ بزمِ جنَّت،مَنبع جُودوسخاوت، سراپا فضل و رَحمت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:
اَلْغِیبَۃُ اَشَدُّ مِنَ الزِّنا
یعنی غیبت زنا سے سخت تر ہے۔ لوگوں نے عرض کی:یارسولَ اﷲ(عزوجل و صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم)!غیبت زنا سے زیادہ سخت کیونکر ہے؟ فرمایا:''مرد زِنا کرتا ہے پھر توبہ کرتا ہے، اﷲ تعالیٰ اس کی توبہ قَبو ل فرماتاہے اور غیبت کرنے والے کی مغفِرت نہ ہوگی، جب تک وہ نہ مُعاف کردے جس کی غیبت کی ہے۔''
 (شُعَبُ الْاِیمان ج ۵ ص۳۰۶ حدیث ۶۷۴۱ )
اورحضرتِ سیِّدُنا انس رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی روایت میں ہے کہ ''زنا کرنے والا توبہ کرتا ہے اور غیبت کرنے والے کی توبہ نہیں ہے۔''
(اَیْضاً حدیث ۶۷۴۲)
میں سمجھا شایدتونے غیبت كی ہے
ایک نوجوان حضرتِ سیِّدُنا عبد اللہ بن مبارک رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی خدمت میں آ کر عرض گزار ہوا: مجھ سے بَہُت بڑا گناہ ہو گیا ہے ، شرم کی وجہ سے آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے سامنے بیان کرنے کی بھی ہمّت نہیں۔پھر کچھ دیر کے بعدکہنے لگا:افسوس!میں نے زنا کیا ہے۔ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا:''میں توسمجھا تھا کہ شاید تو نے غیبت کا گناہ کیا ہے!''
(تذکرۃُ الاولیاء ص۱۷۳)
غیبت زنا سے كب سخت ہے
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!دیکھاآپ نے!غیبت کس قَدَر زیادہ تباہ کار ہے !البتّہ یہ ذہن میں رہے کہ جس زِنا میں حُقُوق العِباد شامل نہیں صِرف اُس زِنا سے غیبت سخت تَر ہے۔ غیبت میں حقُّ العَبد یعنی بندے کا حق اُس صورت میں شامل ہو گا جبکہ جس کی غیبت کی ہے اُس کو پتا چل جائے کہ فُلاں نے میری غیبت کی ہے اور اب غیبت کرنے والے کیلئے توبہ کے ساتھ ساتھ اُس سے مُعافی مانگنی بھی ضَروری ہے جس کی غیبت کی ہے ورنہ خالی توبہ کافی تھی۔
Flag Counter