Brailvi Books

غیبت کی تباہ کاریاں
67 - 504
فرمانِ مصطَفےٰ:(صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم) جس نے کتاب میں مجھ پر درود پاک لکھا تو جب تک میرا نام اُس میں رہے گا فرشتے اس کیلئے استغفار کرتے رہیں گے۔
ہرگناہ كے بدلے ایك عُضو كاٹا جائیگا!
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! گناہ چاہے کتنا ہی چھوٹا ہو اگر اُس پر پکڑ ہوئی تو خدا کی قسم !اُس کا عذاب نہ سہا جا سکے گا۔ گناہوں کی سزا سے ڈراتے ہوئے حضرتِ سیِّدُنا عبدا لوہّاب شَعرانی قُدِّسَ سرُّہُ النُّورانی نقل کرتے ہیں:حضرتِ سیِّدُنا یونس بن عُبید رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں:پانچ درہم (احناف کے نزدیک دس درہم )کی چوری پر ہاتھ کاٹا جاتا ہے اور اس میں شک نہیں کہ تمہار ا سب سے چھوٹا گناہ بھی پانچ دِرہم کی چوری سے تو زیادہ ہی قبیح (یعنی بُرا)ہے لہٰذا تمہارے ہر گناہ کے بدلے آخِرت میں تمہارا ایک عُضو کاٹا جائے گا۔
(تَنبِیہُ الْمُغتَرِّیْن ص۱۷۲)
نزع,قبر اور منكر نكیر كی خوفناك منظر كشی
 میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!واقعی قبر کا مُعامَلہ بے حد تشویش ناک ہے، کیا معلوم آج ہی موت آ جائے اور دیکھتے ہی دیکھتے ہم قبر کی تنہا ئیوں میں جا پہنچیں،اوّل تو موت کے صدمے کا تصوُّر ہی جان کو گھلانے والا ہے اور اوپر سے خدا ومصطَفٰے عَزَّوَجَلَّ و َ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ناراضی کی صورت میں عذاب ہوا تو کیسے برداشت ہو سکے گا!مردے کے صدمے کا نقشہ کھینچتے ہوئیمیرے آقا اعلیٰ حضرت،اِمامِ اَہلسنّت،مولیٰناشاہ امام اَحمد رضا خان علیہ رحمۃُ الرَّحمٰن فرماتے ہیں:وہ موت کا تازہ صدمہ اٹھائے ہوئے رُوح(کہ نکلتے وقت)جس کا ادنیٰ جھٹکا سَو ضربِ شمشیر (یعنی تلوار کے سو وار)کے برابر،جس کا صدمہ ہزار ضربِ تیغ (یعنی تلوار کے ہزار وار)سے سخت تر، بلکہ ملکُ الموت (علیہ السلام)کا دیکھنا ہی ہزار تلوار کے صدمے سے بڑھ کر ۔ وہ نئی جگہ ، وہ نِری تنہائی ، وہ ہر طرف بھیانک بے کسی چھائی ، اِس پر وہ نکیرَین(یعنی منکر نکیر)کا اچانک آنا ،وہ سخت ہیبت ناک صورَتیں دکھانا کہ آدمی دن کو ہزاروں کے مجمع میں دیکھے تو حو اس بَجانہ رہیں ، کالا رنگ ، نیلی آنکھیں دیگوں کے برابر بڑی، اَبرَق(چمکیلی دھات)کی طرح شُعلہ زن ، سانس جیسے آگ کی لَپَٹ ، بیل کے سینگوں کی طرح لمبے نوک دار کِیلے(یعنی اگلے دانت)، زمین پر گِھسٹتے سر کے پیچیدہ بال، قدو قامت جسم و جَسامت بلا وقیامت کہ
Flag Counter