Brailvi Books

غیبت کی تباہ کاریاں
316 - 504
فرمانِ مصطَفٰے:(صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم )جس کے پاس میرا ذکر ہو اور اُس نے مجھ پر دُرُود شریف نہ پڑھا اُس نے جفاء کی۔
صَلُّوا  عَلَی الْحَبِیب !               صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
(9)غیبت کے سبب برزخ میں قید
    دعوتِ اسلامی کے اِشاعتی ادارے مکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ 300 صَفحات کی کتاب ''آنسوؤں کادریا''میں ہے: فَقِیہ ابوالحسن علی بن فَرحون قُرطُبی علیہ رحمۃ اللہ الولی اپنی کتاب ''اَلزّاہِر' 'میں فرماتے ہیں:میں نے 555 سِنِ ھِجری میں ''شہرِفاس ''میں انتِقال کرنے والے اپنے چچا کو خواب میں دیکھا کہ گھر کے اندرتشریف لائے اور دیوار سے ٹیک لگا کربیٹھ گئے، میں بھی ان کے سامنے بیٹھ گیا ،میں نے ان کا بدلا ہوا رنگ دیکھا تو پوچھا :چچا جان !آپ کو آپ کے رب عَزَّوَجَلَّ سے کیا ملا؟''فرمایا:''بیٹا!مہربان سے مہربانی کے سوا اور کیا ملتا ہے ، اللہ عَزَّوَجَلَّ  نے غیبت کے علاوہ ہر چیز میں مجھ پرنرمی فرمائی،میں مرنے کے بعد سے لیکر اب تک غیبت کی وجہ سے حِراست (یعنی قید)میں ہوں، اب تک میرا یہ گناہ مُعاف نہیں ہوا ،بیٹا ! میں تمہیں نصیحت کرتاہوں کہ غیبت و چغلی سے بچتے رہنا کیونکہ میں نے آخرت میں غیبت سے بڑھ کر کسی اور چیز پر پکڑ نہیں دیکھی۔ یہ کہہ کر وہ مجھ سے رخصت ہوگئے ۔
        (بَحرُالدُّمُوع ص۱۸۵)
گھُپ اندھیر ا ہی کیا وحشت کا بسیر ا ہو گا                   قبر  میں   کیسے  اکیلا   میں   رہوں   گا   یا رب!

گر کفن پھا ڑ کے   سانپوں  نے جمایا قبضہ               ہائے بربادی! کہاں جا کے چُھپوں  گا یا رب!

ڈنک مچھَر کا بھی مجھ سے تو سَہا جاتا نہیں                قبر  میں  بچھّوکے  ڈنک  کیسے  سہوں گا یا رب!

گر تُو  ناراض ہوا   میری  ہلاکت ہوگی           ہائے ! میں  نا رِ   جَہنَّم  میں   جلوں  گا  یا رب!

                      عَفو  کر  اور  سد ا کے  لئے  راضی  ہو  جا

                                   گر کرم کر دے تو جنّت میں رہوں گا یا رب!
صَلُّوا  عَلَی الْحَبِیب !               صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
Flag Counter